خود پر دوستوں کو ترجیح دینا ، مومن کی پہچان

بیدر /29جولائی۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔  آل انڈیا حج کمیٹی اور کرناٹک کمیٹی کے اشتراک سے خادم  الحجاج ضلع بیدر کی جانب سے آج بیدر ضلع کے تقریباً198 کے قریب عازمین حج کی ٹیکہ اندازی کا پروگرام بخیروخوبی اپنے انجام کو پہنچا۔ صبح 10بجے پروگرام  کے ابتداء میں جناب الحاج سید منصور احمد قادری انجینئر معتمد خادم الحجاج  نے  عازمین حج کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حج ایک عظیم فریضہ ہے جس کی ادائیگی خوش نصیب لوگوں کو میسر آتی ہے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ دوران حج ایک دوسرے کا خصوصی طورپر خیال رکھاجائے۔ کھانے کا معاملہ ہویا دیگر معاملات ۔ خود پر دوسروں کو ترجیح دینے سے ہی حادثات سے ہی بچ سکتے ہیں ۔ اور مومن کے بارے میں سبھی جانتے ہیں کہ وہ خود پر دوسرے کو ترجیح دیاکرتاہے۔ ڈاکٹر ایم اے جبار (ڈی ایس او) نے بھی خطاب کیا ۔ ڈاکٹر ویجیناتھ مدنا  ڈی ایچ اوکے ساتھ محکمہ صحت بیدر کے ڈاکٹر س ، نرسیس اور اسٹاف موجودتھا۔ جنہوں نے بڑی سرعت کے ساتھ ٹیکہ اندازی کے اس پروگرام کو سلیقہ سے انجام دیا۔ جناب رؤف الدین کچہری والے رکن کرناٹک حج کمیٹی کی زیرنگرانی منعقدہ اس ٹیکہ اندازی کے پروگرام کی صدارت الحاج سید عبدالماجد شمیم صدر انجمن خادم الحجاج بیدر نے کی ۔جلسہ کا آغاز حافظ محمد صلاح الدین کی قراء تِ کلام پاک سے ہوا اور الحاج سید صغیر احمد نے نعتِ رسول ِ سنانے کی سعادت حاصل کی ۔جبکہ شہ نشین پرمذکورہ مقررین کے علاوہ، سید منصور احمد قادری سکریٹری انجمن خادم الحجاج اور ٹرینر کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی ، سید صغیر احمد نائب صدر انجمن ،غوث قریشی جوائنٹ سکریٹری انجمن، جبکہ انجمن خادم الحجاج کے عہدیداران کے علاوہ شفیق احمد کلیم خازن ، ‘ الحاج محمد جاوید الحق ‘الحاج محمد ایاز الحق ‘غلام متین سیٹھ ‘شاہ  نذیر الحسن قادری ‘ اختر محی الدین انجینئر، وغیرہ نے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی ۔