خود ساختہ عاملوں اور کالا جادو کرنے والوں کیخلاف پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ /27 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں عاملوں اور کالاجادو کے ذریعہ عوام کا استحصال کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ساؤتھ زون پولیس نے مہم شروع کی ۔ چنانچہ مختلف محلہ جات میں دھاوے کرتے ہوئے کئی نام نہاد عاملوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کو ملنے والی متعدد شکایتوں کے بعد یہ مہم شروع کی گئی ہے جس میں علاقے مغل پورہ ، شاہ علی بنڈہ ، چھتری ناکہ سے 16 عاملوں اور کالے جادوں میں ملوث دھوکے بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا نے کارڈن سرچ آپریشن کے تحت گرفتار کئے گئے عاملوں کی تفتیش میں حیرت انگیز حقائق سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 38 سالہ انور اللہ خان عرف ڈسکو بابا جو خود ساختہ عامل ہے ریاست نگر کے ساکن تاجر پارچہ افتخار حسین کے مکان میں خزانہ موجود ہونے اور کالے جادو کے ذریعہ اسے حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ۔ ڈسکو بابا نے افتخار حسین کے مکان میں بڑی شاطرانہ انداز میں نقلی سونے کے بسکٹس اور ہیرے دفن کردیئے اور بعد ازاں کالے جادو کے ذریعہ منتر پڑھ کر نقلی سونے کے بسکٹس کو اصلی ظاہر کرتے ہوئے اس کے حوالے کردیئے اور اس کے عوض 35 لاکھ روپئے حاصل کرلئے ۔  ڈسکو بابا نے افتخار حسین کے قریبی رشتہ دار سے 10 لاکھ روپئے بھی حاصل کئے ۔ دھوکہ دہی کے خلاف پولیس میں  شکایت درج کرنے پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ڈسکو بابا کو 2004 ء ، 2015ء اور 2016 ء میں آصف نگر ، حبیب نگر ، کلثوم پورہ ، شاہ عنایت گنج  اور سنتوش نگر پولیس نے کالے جادو کے نام پر دھوکہ دہی میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا ۔ کنچن باغ پولیس اسٹیشن حدود میں ایک عامل 38 سالہ فیاض محمود انصاری نے عوام کی ناخواندگی کا فائدہ اٹھاکر کم عمر لڑکے کو اذیتیں دیتے ہوئے اس سے بدفعلی کی ۔ مسٹر ستیہ نارائینا نے بتایا کہ موتی نگر کے سامنے محمد قادر محی الدین نے کنچن باغ پولیس میں درج کی گئی شکایت میں بتایا کہ ان کے لڑکے ریان فیصل محمد کو ایک عامل فیاض محمود انصاری ساکن حافظ بابا نگر جس کا تعلق ممبئی سے ہے نے اغواء کرکے اسے اذیتیں دی ۔ مذکورہ عامل نے ان کے لڑکے پر بلیٹ سے ضربات لگائے اور کئی قسم کی جسمانی اذیتیں اس کی ماں کے روبرو  دی ۔ اذیت رسانی کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے کیلئے اس کی ماں کو زبردستی کی ۔ کم عمر لڑکے کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔ ساؤتھ زون پولیس نے عاملوں کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم میں علاقے چھتری ناکہ سے بی راما کرشنا ، ڈی یادیا ، محمد رسول خان ، سودھو نتن اور شیخ اکرام الدین کو گرفتار کرلیا جبکہ علاقہ بھوانی نگر سے سید انور ، شاکر علی صدیقی ، عبدالماجد ، سماع مسرور عرف چمہ چاوش مغل پورہ علاقہ سے ، بلویر سنگھ ، مکیش کمار ٹاک ، ڈی سنجے کمار ، ایم اے رحیم عرف یابا  اور قیصر کو گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کالے جادو اور عملیات کے واقعات میں مسلسل ملوث ہونے والے تین عاملوں ڈسکو بابا ، فیاض محمود انصاری کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عملیات کے نام پر خودساختہ اور جادوگر پرانے شہر کی معصوم عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ زون پولیس عاملوں اور جادوگروں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھے گی ۔