خود اعتمادی کامیابی کی مظہر ہوتی ہے

کیا آپ خود پربھروسہ کرتی ہیں ؟ ہم اکثر کہتے ہیں ، جس پر بھروسہ نہیں ، اسے کام کی ذمہ داری کیسے دی جاسکتی ہے ؟ سوچئے جب دوسروں پر بھروسہ کرنا اتنا ضروری ہے تو ہمارے لئے اپنی ذات پر بھروسہ کرنا کتنا اہم ہوگا ؟

سچ تو یہ ہے کہ کسی دوسرے پر بھروسہ کرنے سے پہلے خود پر بھروسہ کرنا ضروری ہے ، زندگی کے کسی بھی محاذ پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے اپنی صلاحیت پر بھروسہ کرنا ضروری ہے ۔ خواتین کے بہت کام اس لئے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ پاتے کہ انہیں اپنے آپ پر اعتبار نہیں ہوتا ۔ ان کے بیشتر مسائل بھی اسی لئے حل طلب رہ جاتے ہیں کہ مسئلے کو سلجھانے کیلئے وہ کسی اور کا سہارا لینے کی کوشش کرتی ہیں لیکن اپنے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں پر سب سے کم بھروسہ کرتی ہیں ۔ سوچئے جس طرح اپنا کوئی کام ، آپ خود کرسکتی ہیں ، کوئی اور اتنے اچھے طریقے سے وہ کام نہیں کرسکتا ۔ اس لئے کسی اور کا سہارا لینے کی بجائے آپ خود اپنا سہارا بنیں اور دنیا کو دکھادیں کہ آپ اپنے مسائل نمٹانے کی اہلیت رکھتی ہیں لیکن یہ تب ہی ہوسکتا ہے کہ جب آپ کو اپنے اوپر مکمل اعتماد ہوگا ۔ خود اعتمادی کی کمی کا سامنا بھی عموماً ان لوگوں کو کرنا پڑتا ہے جن میں کوئی کمی ہو ۔ اگر آپ سمجھتی ہیں کہ آپ کے علم ، تجربے یا ہنر میں کوئی کمی ہے تو اسے اپنی محنت اور لگن سے دور کرنے کی کوشش کریں ۔ اپنی متعلقہ خامی پر قابو پاتے ہی آپ محسوس کریں گی کہ آپ کی شخصیت میں خودبہ خود اعتماد اور نکھار آگیا ہے ۔