خوبصورتی پرصحت کو ترجیح دیں

میک اپ خواتین کی کمزوری ہوتا ہے ۔ اس کی بدولت حسن کو چار چاند جو لگ جاتے ہیں لیکن حیرت انگیز بات تو یہ ہے کہ خواتین اپنی صحت سے بھی زیادہ خوبصورتی کو اہمیت دیتی ہیں ۔ اب ڈائنٹنگ کرنے والی خواتین کو ہی دیکھ لیجئے! اسمارٹ ہونے کے چکر میں ان میں قوت مدافعت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے لیکن انہیں اطمینان یہ ہوتا ہے کہ وہ ’’ پیاری ‘‘ نظر آرہی ہیں ۔ اس سے بھی زیادہ پریشان کن بات خواتین کا صحت کی بجائے میک اپ پر خرچہ کرنا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل کی لڑکیاں صحت کے مسائل کا زیادہ شکار ہو رہی ہیں ۔ غیر معیاری پراڈکٹس اور میک اپ کے زیادہ استعمال کی وجہ سے انہیں جلد کے مسائل کا بھی سامنا رہتا ہے ۔ ماضی سے مقابلہ کیا جائے تو اس دور میں خواتین صحت پر زیادہ اور زیبائش پر کم توجہ دیتی تھی ۔ اسی لئے ان کی خوبصورتی بڑھاپے تک ان کا ساتھ نہیں چھوڑتی تھی ۔

صحت بھی اتنی اچھی ہوتی تھی کہ وہ بچوں کی پرورش کے ساتھ ساتھ گھریلو ذمہ داریاں بھی احسن طریقے سے نبھاتی تھیں ۔ لیکن آج کل کی نازک مزاج خواتین کیلئے ایک بچے کو سنبھالنا بھی مشکل ہوتا ہے ۔ انہیں شکایت رہتی ہے کہ بچوں کی وجہ سے وہ گھر کے کام مکمل نہیں کرپاتیں ۔ صحت سے غفلت خواتین کیلئے بہت خطرناک بہت ہے جسے آج کل کی لڑکیاں سمجھتی نہیں ہے ۔ صحت بخش غذا استعمال نہ کرنے اور دلکش نظر آنے کے چکر میں ڈائٹنگ ان کی بعد کی زندگی کو متاثر کرتی ہے ۔ ایسی خواتین کو بلڈ پریشر کے انتہائی کم ہونے ، سر چکرانے اور ہڈیوں کے درد کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے ۔ صحت سے غافل رہنے والی خواتین کو زچگی کے مسائل بھی پیش آتے ہیں ۔ اس لئے خواتین کو چاہئے کہ وہ خوبصورتی سے زیادہ صحت پر توجہ دیں کیونکہ صحت کی بدولت وہ قدرتی حسن حاصل کرپائیں گی ۔