خواجہ کی شاندار بیٹنگ ‘آسٹریلیا 9 وکٹوں سے فاتح

بینونی۔28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)واحد ونڈے میچ میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو آسانی کے ساتھ نو وکٹوں سے شکست دے دی ۔عثمان خواجہ کے ناقابل شکست 82 رنز کی بدولت فاتح ٹیم نے 199 رنز کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ پہلے بیٹنگ کے فیصلہ کے بعد میزبان  بیٹسمینوں نے ابتدائی اوورز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جب پال اسٹرلنگ نے 30 اور کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے 24 رنز بنا کر 47 رنزکا آغاز فراہم کیا اورایک موقع پر اسکور چوبیسویں اوور میں دو وکٹوں پر 121 رنز تک جا پہنچا تھا لیکن چھ چوکوں سمیت 39 رنز بنانے والے جان اینڈرسن کی وکٹ گرنے کے بعد کیون اوبرائن کو ہی 23 رنز بنانے کا موقع مل سکا ۔ مجموعی اسکور 198 رنز سے آگے نہیں جا سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے تین جبکہ جان ہیسٹنگز اور اسکاٹ بولینڈ نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جوابی اننگز میں عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نویں اوور تک اسکور 73 رنز پر پہنچا کر کامیابی کی بنیاد رکھی۔ ڈیوڈ وارنر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنا کر ٹم مرتاگ کا اننگز میں واحد شکار بنے لیکن عثمان خواجہ نے کپتان اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور 31 ویں اوور میں مہمان ٹیم نے نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ عثمان خواجہ نے ناقابل شکست 82 رنز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ اسٹیون اسمتھ نے 59 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔