خواتین ہر کام کیلئے ایک وقت مختص کرلیں

کئی لڑکیاں ایسی ہیں ، جن کو اپنے وقت کا بہتر استعمال کرنا نہیں آتا ۔ وہ ہمیشہ یہی گلہ کرتی ہوئی نظر آتی ہیں کہ ان کے پاس وقت نہیں ہے ، جب بھی کوئی رشتہ دار خاتون ان سے طویل عرصے سے ملاقات نہ ہونے کا شکوہ کرتی ہیں تو وہ یہی کہتی نظر آتی ہیں کہ ’’ آنٹی میرے پاس وقت ہی نہیں ہوتا ،

اس لئے آپ سے ملنے نہیں آسکی ۔ وغیرہ ، یہ بات سچ ہے کہ آج کے دور میں لوگوں نے خود کو اتنا مصروف کر لیا ہے کہ بہت سے اہم کاموں بالخصوص گھروالوں اور رشتہ داروں کیلے انہیں وقت ہی نہیں مل پاتا ۔ ورکنگ ویمنز ہوں یا تعلیمی اداروں میں پڑھنے والی طالبات ، دونوں ہی دن بھر مصروف رہنے کے بعد دن کا باقی وقت گھروالوں کو دیئے بغیر اپنے اگلے دن کے اہم کاموں مثلاً دفتر یا یونیورسٹی میں پہنے جانے والے کپڑوں کی تیاری ، استری وغیرہ کرنے کی تیاری میں گزار دیتی ہیں۔ بلاشبہ خواتین کی زندگی میں ایسے اہم کاموں کی بہتات ، جنہیں ایک ہی دن میں کرنا ہوتا ہے ، لیکن اگر وہ اسی طرح مصروف رہ کر روز و شب گزارتی رہیں گی تو یقیناً ان کے گھروالوں کے ساتھ ساتھ ان کے دوست و رشتہ دار ان سے ملنے اور بات کرنے کیلئے ترس جائیں گے ۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ چھٹی والے دن ہفتے بھر کے کچھ اہم کام جیسے آنے والے ہفتے میں کون سے کپڑے پہننے ہیں ، لنچ میں کیا لے جانا ہے ، اس کی فہرست بنالیں ، ساتھ ہی چھٹی کے دن سوچ بچار کر کے پہنے جانے والے کپڑوں کو منتخب کرلیں اور ان کو استری کر کے رکھ دیں ۔ یوں دفتر یا یونیورسٹی سے آنے کے بعد اگلے دن کی تیاریوں میں فوراً مصروف ہونا نہیں پڑے گا اور آپ تھوڑا وقت گھروالوں کو بھی دے پائیں گی ۔