خواتین کے بدلتے فیشن…!

نوجوان لڑکیوں کی کلائیوں پر گھڑیوں اور بریسلیٹ پہننے کا فیشن تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ لڑکیوں میں سونے، چاندی اور مصنوعی جیولری کے بریسلیٹ پسند کئے جاتے ہیں۔ ایک عام تصور ہیکہ گھڑی پہن کر انسان اپنے آپ کو زیادہ باذوق اور اچھا خیال کرتا ہے۔ اس لئے پڑھی لکھی خواتین خاص طور پر ملازمت پیشہ خواتین اس کو تیزی سے قبول کررہی ہیں۔
ایک دور ایسا بھی آیا جب گھڑیوں کو پہننا معیوب سمجھا جانے لگا لیکن پھر زمانے کی کروٹ کے ساتھ بدلتے ہوئے رنگ میں رنگ کر یہ گھڑیاں اور بریسلیٹ ایک بار پھر خواتین کی کلائیوں کی زینت بن گئے۔ مارکٹ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث دکاندار نے گھڑیوں اور بریسلیٹ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا ہے چونکہ یہ فیشن خواتین میں مقبول عام ہے۔ اس لئے خواتین ’’شوق کا کوئی مول نہیں ہوگا‘‘ کہ مصداق مہنگے داموں ان کی خریداری بھی کررہی ہیں کیونکہ کسی بھی تقریب میں وہ اپنے چہرے کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اپنی کلائیوں کو بھی جدید فیشن کی طرز پر دیکھنا چاہتی ہیں۔ دیدہ زیب رنگوں کی یہ گھڑیاں اور بریسلیٹ ان کی کلائیوں کو اور بھی جاذب نظر بنادیتے ہیں۔ اس لئے وہ مہنگائی کی پرواہ کئے بغیر انہیں پہنتی ہیں تاکہ منفرد نظر آئیں اور دیکھنے والے بھی ان کی پسند کی داد دیئے بغیر نہ رہ سکیں۔