خواتین کی حفاظت کیلئے دہلی پولیس کا جدید طریقہ کار

نئی دہلی۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مملکتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج دہلی پولیس کی موبائیل اپلیکیشن سرویس کا افتتاح کیا جس کے ذریعہ مصیبت میں گھری کوئی بھی خاتون بٹن دباکر پولیس کنٹرول روم اور اپنے رشتہ داروں کو اطلاع دے سکتی ہے۔ موبائیل اپلیکیشن خدمات بنیادی طور پر ملازمت پیشہ خواتین کیلئے فراہم کی گئی ہیں جن کے پاس اسمارٹ فون ہو وہ رات دیر گئے بھی تنہا سفر کرسکتی ہیں۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے خواتین میں کالی مرچ کا چھڑکاؤ آلہ (Paper Spray) تقسیم کیا اور دہلی پولیس کی جانب سے منعقدہ حفاظت خود اختیاری پروگرام میں تربیت یافتہ لڑکیوں کو ایوارڈس پیش کئے۔ انہوں نے موثر پولیسنگ کیلئے عصری ٹکنالوجی کے استعمال پر دہلی پولیس کی ستائش کی جبکہ موبائیل اپلیکیشن کی کارکردگی سے واقف کرواتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر مسٹر بی ایس بسی نے کہا کہ خواتین کو دہلی پولیس کے ویب سائٹ پر اپنا نام، موبائیل نمبر اور اپنے دو رشتہ داروں یا دوستوں کے نام رجسٹر کروانے ہوں گے جس کے بعد ایس ایم ایس کے ذریعہ ایک رجسٹریشن کی کلید دی جائے گی اور اس کلید (Key) کو اپلیکیشن میں شامل کرنا ہوگا

اور ہنگامی حالات میں موبائیل فون کو متحرک کرکے یا پاور بٹن اور سافٹ بٹن دبادیا جائے تو اندون 30سیکنڈ موبائیل فون کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ پولیس کنٹرول روم پر موصول ہوجائیں گی جس سے مصیبت زدہ خاتون کو کال کیا جائے گا اور بیک وقت ایس ایم ایس پر دوستوں اور رشتہ داروں کو اطلاع روانہ کردی جائے گی جس کے ذریعہ امداد کی طلبگار خاتون کے مقام اور دیگر تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشن کو بھی بھیجی جائیں گی جس کے ساتھ ہی پولیس کی گشتی گاڑیاں اس مقام پر پہنچ جائیں گی اور مصیبت میں گھری خواتین کو بچالیا جائے گا۔ تاہم پولیس کمشنر نے موبائیل اپلیکشن سرویس کے بیجا استعمال کے خلاف انتباہ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’ ہمت ‘ اپلیکیشن اور سرویسس اسوقت استعمال کیا جاسکتا ہے جب اپنی زندگی کو خطرہ ہو۔ غلط اطلاع دینے پر رجسٹریشن منسوخ کردیا جائے گا۔اس خصوص میں ہیلپ لائن 011-23490378 قائم کی گئی ہے۔ فی الحال یہ خدمات ملازمت پیشہ خواتین کیلئے دستیاب رہیں گی۔