خلیجی ملکوں میں بھی دوبہ دو پروگرام کے اہتمام کی خواہش

سیاست اور ایڈیٹر سیاست کی ملی خدمات مثالی، جناب زاہد علی خان سے فیما کوویت کے سربراہ کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 27 فبروری (سیاست نیوز) ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں اپنے اخبار کے ذریعہ جس طرح ملک و ملت کی خدمت کررہے ہیں وہ سارے ملک کیلئے ایک روشن مثال ہے۔ مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی ترقی کیلئے ’’سیاست‘‘ جس منظم انداز میں کام کررہا ہے، وہ قابل تقلید ہے۔ ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف مسلم اسوسی ایشن کے صدر سید افتخار احمد نے جناب زاہد علی خاں سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے سیاست اور ایڈیٹر سیاست کی قومی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریاست میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کی تحریک، سرکاری ملازمتوں بالخصوص محکمہ پولیس میں مسلم نوجوانوں کی بھرتی، شادیوں میں بیجا اسراف کا انسداد، مسلم طلباء وطالبات کیلئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کی اسکالرشپس اور درج فہرست طبقات و قبائل کے مماثل مسلم طلبہ کو بھی اوورسیز اسکالرشپ کی فراہمی میں غیرمعمولی رہنمائی سیاست کی ملی خدمات کی غیرمعمولی مثالیں ہیں۔ اس کے علاوہ سیاست کے دوبہ دو پروگرام نے نہ صرف سارے ہندوستان بلکہ خلیجی اور مغربی ملکوں میں بھی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ فیڈریشن آف انڈین مسلم اسوسی ایشن جو زائد از 17 تنظیموں کا خوبصورت مجموعہ ہے، کوویت میں ہندوستانی تہذیب و ثقافت کی نمائندہ تنظیم ہے۔ جناب سید افتخار احمد نے جناب زاہد علی خاں کو کوویت میں FIMA کی سرگرمیوں سے واقف کرواتے ہوئے خواہش کی کہ خلیجی ملکوں میں بھی سیاست کا دوبہ دو پروگرام منعقد کیا جائے اور اس سلسلہ میں فیڈریشن آف انڈین مسلم اسوسی ایشن بھرپور تعاون کرے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سید افتخار احمد الملاء موٹرس کویت کے منیجر برائے انسانی وسائل کے عہدہ پر فائز ہیں اور انہیں کیریئر گائیڈنس کا ماہر مانا جاتا ہے۔ یکم ؍ مارچ کو سیاست اور نیوہرائنرنس مینجمنٹ کنسلٹنسی کے زیراہتمام خلیجی ممالک میں کیریئر کے مواقع اور بنیادی مہارت کے چیلنجس کے زیرعنوان ایک سمینار منعقد کیا جارہا ہے جس میں وہ خلیجی ملکوں میں روزگار کے مواقع اور مہارت کے بارے میں واقف کروائیں گے۔