خصوصی موقف پر مودی وعدہ سے منحرف : نائیڈو

تروپتی ۔ یکم مئی ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے واضح کیا کہ خصوصی ریاست کا موقف آندھرا پردیش کا حق تھا تاہم وزیر اعظم نریندر مودی نے اس وعدہ سے انحراف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے 2014 کے انتخابات کے دوران ایک جلسہ میں یہ وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس پر آپسی ساز باز کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ دونوں جماعتیں ان کے اور تلگودیشم کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں۔ یہاں پارٹی کی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی اس وقت بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار تھے اور انہوں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ریاست کو خصوصی موقف دینگے ۔ اس ریلی میں مودی کا وہ ویڈیو کلپ بھی دکھایا گیا جس میں انہیں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ وعدہ کرتے ہوئے دکھا گیا کہ اقتدار ملنے پر وہ ریاست کو خصوصی موقف دیں گے ۔