خشوگی قتل کی قابل اعتماد تحقیقات کیلئے اقوا م متحدہ کامطالبہ

دوحہ ۔ 16 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونی گٹیرس نے اتوار کے دن صحافی جمال خشوگی کی استنبول کے سعودی سفارتخانہ میں قتل کی قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انھوں نے کہاکہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ قابل اعتماد تحقیقات کی جائیں اور خاطی افراد کو سزا دی جائے ۔ وہ دوحہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہاکہ اُنھیں اس مقدمہ کے بارے میں وہی اطلاعات ہیں جو اخبارات میں شائع ہوچکی ہیں ۔ خشوگی ایک سعودی شہری تھاجو واشنگٹن پوسٹ میں مضامین تحریر کیاکرتا تھا ۔ وہ 2 اکٹوبر کو قتل کردیا گیا جبکہ وہ کچھ ہی دیر قبل مملکت سعودی عرب کے قونصل خانہ میں داخل ہوا تھا ۔ مملکت کا کہنا ہے کہ یہ سرکش افراد کی کارستانی ہے ۔ سعودی عرب نے باربار ترکی کے مطالبات کو جو مشتبہ افراد کو جن کا تعلق صحافی کے قتل سے ہے اُس کے حوالے کرنے کے مطالبہ کو مسترد کردیا ہے ۔ جمال خشوگی سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کا سخت ناقد تھا ۔ ترکی کے وزیر میولف کاؤس اؤگلو نے جو قطر کے دورہ پر ہیں جو سعودی زیرقیادت بائیکاٹ کا جون 2017 ء سے نشانہ بنا ہوا ہے کہا کہ ہم نے کسی نئی معلومات کا یا تحقیقات کی رپورٹ کا جو سعودی عرب نے کروائی تھی کوئی پتہ نہیں چلا ہے ۔ ترکی یہ کوشش ترک نہیں کرے گا اور ہم اس معاملے کی تہہ تک پہونچیں گے ۔ انھوں نے تیقن دیا کہ آئندہ ماہ کے اوائل تک تحقیقات مکمل کردی جائیں گی ۔ انھوں نے کہاکہ ترکی اقوام متحدہ کے ساتھ تحقیقات کے بارے میں مذاکرات میں مصروف ہے اور جاننا چاہتا ہے کہ کیا یہ تحقیقات قتل کے خلاف عالمی برہمی کانتیجہ تھی ۔