خانگی ٹی وی کے ایم ڈی کے قاتلین سے پوچھ گچھ کا آغاز

ملزمین کیساتھ پولیس تعلقات کی بھی تحقیقات، ڈی سی پی ویسٹ زون کا بیان
حیدرآباد 14 فروری (سیاست نیوز) جئے رام ایکسپریس ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر جئے رام قتل کیس کی تحقیقات میں پولیس نے شدت پیدا کردی ہے اور پولیس تحویل میں موجود خاطیوں کی تفتیش کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس نے کیس کی تحقیقات سے متعلق تازہ ترین تفصیلات بتائے۔ اُنھوں نے کہاکہ شیکھا چودھری نامی خاتون کے علاوہ دیگر 4 افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے اور جئے رام کی کمپنی سے متعلق اُن کے تعلقات کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی۔ اِس کارروائی کے دوران پولیس نے کمپنی کے بعض دستاویزات کی بھی جانچ کی ہے۔ کوسٹل بینک کے ملازمین سے بھی پولیس نے پوچھ تاچھ کی ہے اور اِس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ کیا تحقیقات میں قتل کیس کا کلیدی ملزم راکیش ریڈی نے مقتول جئے رام کو 4 کروڑ روپئے نقد کی شکل میں دیئے۔ مزید تحقیقات سے یہ معلوم ہوا ہے کہ جئے رام کے قتل کے وقت راکیش ریڈی کے مکان میں دیگر تین افراد بھی موجود تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ قتل کیس کے ملزمین سے بعض پولیس عہدیداروں کے تعلقات کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ ضرورت پڑنے پر شیکھا چودھری کو دوبارہ تحقیقات کے لئے پولیس طلب کرے گی۔