خانگی بسیں بند کرنے آندھرائی آپریٹرس کا فیصلہ

تلنگانہ میں ٹرانسپورٹ ٹیکس کے نفاذ کی مخالفت

حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے مختلف مقامات سے شہر حیدرآباد کیلئے چلائی جانے والی خانگی بسیں فی الفور بس سرویس بند کردیں گی۔ آندھراپردیش پرائیوٹ ٹراویلس اسوسی ایشن نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں داخلہ کیلئے ٹیکس عائد کئے جانے کے فیصلہ پر یہ اقدام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا سے تلنگانہ میں داخل ہونے والی 80% بسیں آج رات سے ہی سڑکوں سے ہٹالی جائیں گی اور مسئلہ پر پیدا شدہ تعطل کی برخاستگی تک خانگی بس سرویس کا آغاز نہیں ہوپائے گا۔ آندھراپردیش پرائیوٹ ٹراویلس اسوسی ایشن کے قائدین نے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی لیکن کوئی مثبت نتائج برآمد نہ ہونے کی صورت میں سڑکوں سے بسیں ہٹالینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وجئے واڑہ، وشاکھاپٹنم، گنٹور، کڑپہ، کرنول کے علاوہ دیگر مقامات سے حیدرآباد پہنچنے والی خانگی بس سرویس مکمل طور پر بند کردی جائے گی جس سے عوام کی آمد و رفت پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ اسوسی ایشن کے بموجب خانگی ٹراویلس نے حیدرآباد کے سفر کے لئے آن لائن بکنگ کا عمل بند کردیا ہے چونکہ اضافی داخلہ ٹیکس کی ادائیگی سے ٹراویل ایجنسیز قاصر ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق آندھراپردیش کی سرحدوں سے تلنگانہ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو داخلہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔ اس فیصلہ کے فوری اثرات خانگی ٹورس اینڈ ٹراویلس کی گاڑیوں پر مرتب ہوئے ہیں اور پرائیوٹ بسوں نے حیدرآباد تک خدمات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔