خاندانی تنازعات اور گھریلو جھگڑوں کی یکسوئی کی مساعی

شمس آباد پولیس کی پہل ، شریمتی پدمجا کی خصوصی دلچسپی
حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) خاندانی تنازعات و گھریلو جھگڑوں کی آسانی سے یکسوئی کیلئے شمس آباد پولیس نے پہل کا آغاز کردیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس محترمہ پدمجا کو خصوصی دلچسپی کے سبب پولیس نے کونسلنگ سنٹر کو قائم کرلیا ہے اور آج اس کونسلنگ کا صدرنشین قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ نے افتتاح کیا اور خواتین کی سہولت کیلئے قائم کردہ اس کونسلنگ سنٹر پر ڈی سی پی کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس محترمہ پدمجا نے بتایا کہ یہ کونسلنگ سنٹر خواتین کی سہولت کے لئے قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ راجندر نگر ڈیویژن کے تین پولیس اسٹیشن ، راجندر نگر ، مائیلاردیوپلی اور معین آباد حدود کے شہریوں کی خدمات میں یہ سنٹر کام کرے گا اور اے سی پی کی صدارت و نگرانی میں اس سنٹر کو چلایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے والی شکایتوں اور اس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے شکایت گزار کو کونسلنگ سنٹر سے رجوع کیا جائے گا اور یہ شکایت اور کونسلنگ کا باضابطہ ریکارڈ رکھا جائے گا ۔ حل شدہ شکایتوں پر 2 ہفتوں تک نظر رکھی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے والی شکایتوں میں 12 فیصد سے زائد شکایتیں خواتین سے متعلق یعنی گھریلو تنازعات چھوٹی بات پر جھگڑے اور مسائل گھریلو مسائل میاں بیوی کے مسائل و جھگڑے جیسے مسائل پائے جاتے ہیں جو کہ صرف بات چیت اور کونسلنگ سے حل کرلئے جاسکتے ہیں ۔ لہذا پولیس نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے فیملی کونسلنگ سنٹر کو قائم کیا ہے ۔ اس سنٹر کے تحت خاتون پولیس عملہ بھی دستیاب رہے گا ۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی مسٹر پرکاش گوڑ کے علاوہ پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔