خادم الحجاج کیلئے اہل سرکاری ملازمین سے درخواستوں کی طلبی

ہوم گارڈ بھی درخواست دینے کے اہل :پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مارچ (پریس نوٹ) حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی نے حج 2015 ء کے دوران مملکت سعودی عربیہ میں حجاج کرام کے قیام کے دوران ان کی مدد و رہنمائی کے مقصد سے خادم الحجاج کی تعیناتی کیلئے اہل سرکاری ملازمین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایک پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین کے علاوہ عوامی شعبہ کے اداروں ، دستوری اداروں کے ملازمین ، پولیس ملازمین و ہوم گارڈز ، محکمہ جنگلات اور محکمہ مال کے ملازمین بھی درخواست دینے کے اہل ہیں۔ تا ہم ان کی تعیناتی مرکزی حج کمیٹی کی منظوری کے تابع ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی 2015 ء کو امیدواروں کی عمر 25 تا 50 سال کے درمیان ہونی چاہئے اور انہوں نے حج ادا کرلیاہو ، فریضہ حج کی ادائیگی کا ثبوت پیش کیا جائے ۔ ان کے پاس 31 مارچ 2016 ء تک کارکرد انٹرنیشنل پاسپورٹ بھی موجود رہنا چاہئے ۔ منتخب خادم الحجاج کو کسی فرد خاندان کو اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے علحدہ علحدہ خادم الحجاج کا تقرر ہوگا اور وہ جس علاقہ میں خدمات انجام دے رہے ہوں اس کی بنیاد پر ہی ان کے علاقہ کا تعین ہوگا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ ہر تین سو عازمین کے ساتھ ایک خادم الحجاج کو راونہ کیا جائے گا ۔امیدواروں کو عربی زبان کے علاوہ حج امور سے واقفیت لازمی ہے ۔ اگر کسی خادم الحجاج کی کارکردگی کے تعلق سے قونصل جنرل انڈیا ، حج کمیٹی آف انڈیا یا وزارت خارجہ کی جانب سے منفی رپورٹ وصول ہو تو ان کے سفر سعودی عربیہ پر ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے جو رقم خرچ کی جارہی ہے ، وہ ان سے واپس وصول کی جائے گی ۔ درخواست فارم اور تفصیلات دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاؤز نامپلی، حیدرآباد (فون نمبر 040-23298793 )سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ درخواست فارم تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.telanganastatehajcommittee.com سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ درخواستیں تمام ضروری دستاویزات منسلک کرتے ہوئے دفتر حج کمیٹی میں داخل کی جائیں۔