خاتون کے 35 لاکھ یورو کے زیورات طیارے میں

مارسلی۔25مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں ایک خاتون قیمتی زیورات سے بھرا اپنا بیگ طیارے میں بھول کر چلی گئی ۔ تقریباً 35 لاکھ یورو مالیت کے یہ زیورات جیولری ڈیزائنرز نے کینز فلم فیسٹول میں شریک برطانوی گلوکارہ ریٹا اورا کو بطور مستعار بھجوائے تھے۔پولیس ذریعے نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مذکورہ زیورات لندن میں واپس حاصل کر لیے گئے جہاں سے انہیں بھیجا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق گلوکارہ ریٹا اورا کو زیورات پہنچانے کی ذمے دار خاتون 16 مئی کو جنوبی فرانس میں نیس کے ایئرپورٹ سے باہر آئی تو اسے احساس ہوا کہ وہ اپنا بیگ اور کوٹ جہاز میں ہی بھول آئی ہے۔پولیس کے ایک ذریعے نے ازراہ مذاق کہا کہ ’’یہ یقینا ایک کم عقل خاتون ہے جو طیارے میں لاکھوں بھول آئی‘‘۔ ذریعے نے واضح کیا کہ زیورات کا بیگ اسی طیارے کے ذریعے لندن کے لوٹون ایئرپورٹ پر واپس پہنچ گیا جہاں سے اسے ہیتھرو ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔ذریعے کے مطابق تمام جیولری ڈیزائنرز کو ان کے متعلقہ زیورات واپس پہنچا دیے گئے۔