خاتون کی جاسوسی کی آزادانہ تحقیقات ’’ حقیقی ضرورت‘‘ : کانگریس

نئی دہلی 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز پر سیاسی انتقام کے بی جے پی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہاکہ نریندر مودی کی ایماء پر گجرات میں اور اُس کے باہر جاسوسی کی آزادانہ تحقیقات ایک حقیقی ضرورت کی تکمیل ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری شکیل احمد نے کہاکہ اِس کی کل ہند سطح پر تحقیقات ضروری تھی۔ مرکزی وزیر قانون کپل سبل نے حکومت ہند کی جانب سے جاسوسی کے اِس واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام کے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے بی جے پی پر تضاد بیانی کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ناناوتی کمیشن گجرات فسادات کی تحقیقات کے لئے 11 سال سے زیادہ عرصہ قبل قائم کیا گیا تھا لیکن اِس کی رپورٹ ہنوز عدم وصول ہے۔ جاسوسی کے اِس معاملہ کیلئے گجرات کے مقرر کردہ تحقیقاتی کمیشن کا بھی یہی حشر ہوگا۔ دریں اثناء چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ نے کانگریس پر انتقامی سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس زیرقیادت حکومت پست ترین سطح پر اُتر آئی ہے۔