حیدرآباد کے سرکاری اسکولس میں ایس ایس سی کے نتائج میں بہتری

خراب نتائج کا اسکولس کا جائزہ لینے کا عزم، ڈی ای او سے اعداد و شمار کی اجرائی

حیدرآباد۔29اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں چلائے جانے والے سرکاری اسکولوں میں ایس ایس سی نتائج میں بہتری پیدا ہوئی ہے اور حیدرآباد میں موجود 188 سرکاری اسکولوں میں 14اسکولوں کے نتائج 100 فیصد رہے جن میں سماعت وقوت گویائی سے محروم طلبہ اور نابینا طلبہ اور ملک پیٹ میں موجود جسمانی معذورین کے اسکول بھی شامل ہیں جہاں کے نتائج 100 فیصد رہے جبکہ 19 اسکولوں کے نتائج 90تا100 فیصد کے درمیان رہے۔ 38 سرکاری اسکولوںکے نتائج 80سے 90 فیصد کے درمیان رہے جن میں بیشتر اسکول پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ہیں۔ 42 اسکولوں کے نتائج 70سے 80 فیصد کے درمیان رہے ۔ ضلع ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاریہ سال ایس ایس سی امتحانات میں پرانے شہر کے اسکولوں کے نتائج میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے لیکن بعض اسکولوں کے نتائج کی حالت انتہائی ابتر رہی۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی جانب سے جن اسکولوں کے نتائج ابتر رہے ان اسکولوں کی کارکردگی اور ان میں موجود عملہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور اسکولوں کے نتائج کا سال گذشتہ کے نتائج سے تقابل کرتے ہوئے کوتاہیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کاروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 38 اسکولوں کے نتائج 60تا 70 فیصد کے درمیان رہے اور مجموعی اعتبار سے ان میں بیشتر اسکولوں کے نتائج میں بہتری پیدا ہوئی ہے ۔ 20 ایسے سرکاری اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے نتائج 50سے 60 فیصد کے درمیان رہے اور ان اسکولوں میں درکار سہولتوں اور اساتذہ کی تعداد کا جائزہ لیا جا رہاہے اور اس بات کی نشاندہی کی جا رہی ہے کہ ان اسکولوں کے نتائج 50 تا 60 فیصد کی حد تک محدود کیوں رہے! ایسے 7اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے نتائج صرف 40تا50 فیصد کے درمیان رہے ہیں۔ 30تا40فیصد کامیابی کا تناسب رکھنے والے بھی 7اسکول پائے گئے ہیں جبکہ 3اسکول ایسے ہیں جن میں کامیابی کا فیصد 20 تا30 فیصد ہی رہا۔حیدرآباد کے سرکاری اسکولوں میں کامیابی کا فیصد مجموعی اعتبار سے 72.05رہا اور اگر تعداد کے اعتبار سے اس کا جائزہ لیا جائے تو 188سرکاری اسکولوں سے جملہ 7101امیدواروںنے امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں 5116 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ شہر حیدرآباد کے اسکولوں میں سب سے خراب نتیجہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اعظم پورہ II کا رہا جہاں سے 13 طلبہ نے ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کی لیکن صرف 3طلبہ کامیاب ہوئے اس طرح اسکو ل کا مجموعی فیصد 23.08 ریکارڈ کیا گیا ۔188 سرکاری اسکولو ں میں 40 فیصد کامیابی کے فیصد کو عبور نہ کرنے والے 10اسکولوں میں 4 اسکولوں کا تعلق آصف نگر منڈل سے ہے جبکہ بندلہ گوڑہ منڈل کے دو اور سعید آباد‘ سکندرآباد‘ ماریڈپلی‘ چارمینار کے ایک ایک اسکول شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں نے ضلع ایجوکیشن عہدیداروں کو ان تمام اسکولوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے جن کے نتائج 40 فیصد سے کم ہیں۔عہدیداروں کے بموجب جن اسکولوں کے نتائج میں کمی آئی ہے ان کے ذمہ داروںکو وجوہات کے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے احکام جاری کئے جا چکے ہیں۔