حیدرآباد و سکندرآباد کے جی ایچ ایم سی پارکس میں سی سی کیمروں کی تنصیب پر غور

کمشنر بلدیہ کی عہدیداروں سے بات چیت، غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کو ختم کرنے کی مساعی
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود تمام بڑے پارکس میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمرہ لگائے جانے کا منصوبہ ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اس تجویز کے متعلق عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے آج شہر کے مختلف پارکس کا معائنہ کرنے کے بعد عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے پارکس میں غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کے خاتمہ کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ناگزیر ہے۔ اسی لئے اس کے متعلق منصوبہ بندی کی جانی چاہئے۔ کمشنر بلدیہ نے گزشتہ دنوں کرشن کانت پارک یوسف گوڑہ کا معائنہ کرتے ہوئے چہل قدمی کیلئے پہونچنے والوں سے مسائل کے متعلق آگہی حاصل کی۔ انھوں نے اس موقع پر روزانہ پارک کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت کا اظہار کئے جانے پر بھی مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ رہائشی علاقوں کی اسوسی ایشنس اور تنظیموں کے تعاون سے بلدیہ کی جانب سے بہت جلد اس سلسلہ میں تفصیلی منصوبہ کو پیش کیا جائے گا۔ انھوں نے آج اندرا پارک میں معمر شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے اُن سے پارک کی بہتر نگہداشت کے علاوہ شہر میں موجود پارکس کی ترقی کے لئے اقدامات کے متعلق تجاویز وصول کی، جس پر معمر شہریوں نے پارک میں ہونے والی غیر اخلاقی سرگرمیوں کے علاوہ غیر سماجی عناصر پر تحدیدات لگانے کی ضرورت کا اظہار کیا جس پر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ شہر کے تمام پارکس میں سکیوریٹی عملہ کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ اس طرح کی سرگرمیوں کو روکا جاسکتا ہے۔ انھوں نے صبح کی اولین ساعتوں میں محکمہ جاتی تال میل نہ ہونے کی شکایات پر غور کرتے ہوئے کہاکہ حقیقت میں صبح کی اولین ساعتوں میں صاف صفائی نہ ہونے کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس بند رہنے کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پارکس کی ترقی کے علاوہ شہر کے ایسے مقامات جہاں لوگ چہل قدمی کے لئے پہونچتے ہیں اُن علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں میں اسٹریٹ لائٹس کے علاوہ صاف صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔