حیدرآباد میں کروڑہا روپئے کے ترقیاتی پراجکٹس کو منظوری

حیدرآباد میں کروڑہا روپئے کے ترقیاتی پراجکٹس کو منظوری
حیدرآباد 12 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے اطراف کئی کروڑ روپئے لاگتی بڑے ترقیاتی پراجکٹس کے لئے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے منصوبوں کو آج منظوری دی گئی ہے۔ آندھراپردیش کی مجوزہ تقسیم کے بعد شہر کے موقف پر جاری تنازعہ کے باوجود چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے حیدرآباد کیلئے ترقیاتی پراجکٹس کو منظوری دی ہے۔ حکومت نے میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ پلان 2031 ء کو بھی منظور کیا ہے جس کا مقصد حیدرآباد کے اطراف واقع 4 اضلاع کے بشمول 5985 مربع کیلو میٹر تک کے علاقہ میں کئی ترقیاتی کاموں کو انجام دینا ہے۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی زیرقیادت ایچ ایم ڈی اے کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں حیدرآباد ہائبیٹیڈ سنٹر ڈیولپمنٹ کو منظوری دی گئی ہے۔ 134 کر وڑ کی لاگت سے اِس پراجکٹ کو نئی دہلی میں انڈیا ہائبیٹیڈ سنٹر کے خطوط پر ترقی دی جائے گی۔ حیدرآباد کے مضافات میں واقع خانہ میٹ کی11 ایکر اراضی پر ویژول آرٹ گیلری اسکلپچر کورس، آرٹیپلکس تھیٹرس، لرننگ سنٹرس، کنونشن سہولتیں، تھیم پارک، لینڈ اسکیپ گارڈنس کے علاوہ اوپن ایر تھیٹر اور فوڈ کورس بھی قائم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اِن پراجکٹس پر عمل آوری، انتظامی اور دیگر اُمور کی نشاندہی کے لئے ایک خصوصی سوسائٹی تشکیل دی جائے گی۔ اِس کے لئے تفصیلی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ دوسرا سب سے بڑا پراجکٹ بدویل پر 83 ایکر اراضی کو سائنس سٹی کے طور پر ترقی دی جائے گی جس کی لاگت 160 کروڑ روپئے ہوگی جہاں پر اسپیس اسٹیشن، ارتھ پویلین، انرجی پارک، آئی میکس 90 ، ورچل ریالیٹی، مستقبل کی ٹیکنالوجی اور شاندار کارکردگی کے حامل مراکز کو قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی پراجکٹس بھی شروع کئے جائیں گے۔ شہر کے مضافات میں واقع جواہرنگر میں ایک حیدرآباد ایجوکیشن ہب قائم کیا جائے گا جہاں پر تعلیم کے لئے مکمل انفراسٹرکچر فراہم ہوگا جہاں عالمی سطح اور معیار کی گریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ کی تعلیم دی جائے گی۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ اعلیٰ معیاری تعلیمی اداروں کو اِس مرکز پر سیٹلائیٹ کیمپس قائم کرنے کے لئے مدعو کیاجائے گا۔ اِن اداروں کے لئے صرف اتنا کرنا ہوگا کہ اپنی ضروریات کے مطابق کیمپس قائم کریں۔ جبکہ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے عوامی خانگی شراکت داری کے ذریعہ مشترکہ انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جائے گا۔ کوتوال گوڑہ میں 85 ایکر اراضی پر ایک ایکو پارک بھی قائم کیا جائے گا جس پر 60 کروڑ روپئے لاگت آئے گی۔ چیف منسٹر کی زیرقیادت منعقدہ اِس اجلاس میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن کے لئے میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ پلان 2031 کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ ایچ ایم ڈی اے کے 7257 مربع کیلو میٹر کے منجملہ 5985 مربع کیلو میٹر پر اِس منصوبہ کو روبہ عمل لایا جائے گا جس میں حیدرآباد کے اطراف 4 اضلاع کے بشمول 35 منڈلوں کو شامل کیا جارہا ہے۔ ایچ ایم ڈی اے نے سال 2031 ء تک کے لئے 1.84 کروڑ آبادی کیلئے یہ پراجکٹ تیار کیا ہے۔