حیدرآباد کے خلاف آج ممبئی سیزن کی پہلی کامیابی کی خواہاں

دبئی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دفاچی چمپیئن ممبئی انڈینس جو رواں سیزن اپنی پہلی کامیابی کے ہنوز تعاقب میں ہے وہ کل یہاں متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے پہلے مرحلہ کے آخری مقابلہ میں سن رائزس حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل 7 کی اپنی پہلی کامیابی کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ ممبئی انڈینس کیلئے یہ آخری موقع ہوگا کہ وہ صحرا میں کھیلے جارہے ٹورنمنٹ میں کامیابی کی سمت واپسی کریں کیونکہ اس کے بعد ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ ہندوستان منتقل ہوجائے گا۔ ممبئی انڈینس کو اپنے تمام چار مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے وہ 8 ٹیموں کے جدول میں اب آخری مقام پر فائز ہے۔ دوسری جانب کل وہ جس ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی وہ سن رائزس حیدرآباد ہے اس کے لئے بھی متحدہ عرب امارات میں حالات بہتر نہیں ہیں جیسا کہ اسے چار مقابلوں میں صرف ایک مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ممبئی انڈینس کیلئے تاحال اس کا بیٹنگ شعبہ انتہائی ناکام رہا ہے حالانکہ ٹیم کے خود کپتان روہت شرما ٹوئنٹی 20 کے ایک غیرمعمولی کھلاڑی مانے جاتے ہیں اور ان کی قیادت میں ممبئی انڈینس کی صف میں مائیک ہسی، کورے اینڈرسن اور کیرن پولارٹ موجود ہیں جو جارحانہ کرکٹ کی دنیا میں تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ امباٹی رائیڈو نے اپنے معیار کے مطابق کسی قدر مظاہرہ کیا ہے لیکن ان کے مظاہرہ ٹیم کو فتوحات دلوانے والے نہیں ہیں۔ کل جبکہ ممبئی انڈینس حیدرآباد کے خلاف میدان میں اترے گی تو اس کے بیٹنگ شعبہ میں موجود جارحانہ بیٹنگ کیلئے بڑے نام کے کھلاڑیوں کو بہتر تعاون دینا ہوگا تاکہ صحرا میں کامیابی کی قحط سالی کو ختم کیا جائے۔

جہاں تک ممبئی انڈینس کی بولنگ کا سوال ہے اس کے سینئر بولروں ظہیرخان اور ہربھجن سنگھ پر یہ ذمہ داری مزید عائد ہوچکی ہیکہ وہ اپنے تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کریں۔ سری لنکا کے فاسٹ بولر لستھ ملنگا کفایتی بولر ہونے کے علاوہ وکٹوں کے حصول میں بھی کامیاب ہوئے ہیں اور ان پر بھی بہتر مظاہرہ کیلئے اور ٹیم کی کامیابی کیلئے مزید ذمہ داری عائد ہوگی۔ اسپن شعبہ میں ہربھجن سنگھ کو پرگیان اوجھا کی خدمات حاصل ہیں جبکہ اینڈرسن اور پولارٹ کوبھی بحیثیت ٹیم بہتر مظاہرہ میں اپنا تعاون ادا کرنا ہوگا۔ دوسری جانب سنٹرل حیدرآباد جس میں گذشتہ سیزن بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے قطعی چار ٹیموں میں رسائی حاصل کی تھی

لیکن اس مرتبہ صرف اس کے ارون فرنچ اور ڈیوڈ وارنر نے بیٹنگ شعبہ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ کپتان شکھردھون کے ناقص فام کا ٹیم کو مسلسل نقصان ہورہا ہے اور وہ کل ممبئی انڈینس کے خلاف متحدہ عرب امارات میں اپنی آخری اننگز کو بہتر کھیلتے ہوئے انفرادی طور پر ٹیم کو کامیابی دلوانے والی بیٹنگ کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ جب ٹورنمنٹ ہندوستان منتقل ہوجائے گا تو وہ اپنے اعتماد کو بحال کرسکیں۔ حیدرآبادی ٹیم میں دنیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اور ان کے ساتھ ہندوستان کے فی الحال کامیاب ترین بولر بھونیشور کمار موجود ہیں۔ اسپن شعبہ میں امیت مشرا اور کرن شرما تاحال بہتر مظاہرہ کرچکے ہیںلیکن بیٹسمینوں کی جانب سے اسکور بورڈ پر وہ ہندسے نہیں مل رہے ہیں جن کا آسانی سے یہ دفاع کرسکیں۔میڈل آرڈر میں عرفان پٹھان اور پرویز رسول کی شمولیت پر سب کی نگاہیں مرکوز ہیں۔