حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ گیر سطح پر ہفتہ طویل یوم تاسیس تقاریب

مرحلہ وار مختلف پروگرامس کا انعقاد، پرنسپل سکریٹری محکمہ سیاست بی پی آچاریہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 مئی (پی ٹی آئی) یوم تاسیس تلنگانہ ریاست کے پیش نظر 2 جون سے ریاست گیر سطح پر محکمہ ٹورازم و کلچر کے زیراہتمام ہفتہ طویل تقاریب منعقد ہوں گے۔ یہ بات محکمہ ہذا کے پرنسپل سکریٹری مسٹر بی پی آچاریہ نے بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی پہلی یوم تاسیس کے پیش نظر حیدرآباد کے بشمول ریاست کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار کلچرل و لٹریری پروگرامس منعقد ہوں گے۔ دوران پروگرام تلنگانہ کی قدیم تاریخ و تہذیب کو اجاگر کیا جائے گا۔ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں عوام کیلئے اس طرح کے تہذیبی پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ تاریخی حسین ساگر جھیل، کاچی گوڑہ ر یلوے اسٹیشن کے علاوہ کلاک ٹاور اور مجسمہ بدھا پر تھری ڈی پروگرامس کئے جائیں گے۔ بی پی آچاریہ نے مزید بتایا کہ 2 جون کو گن پارک پر شہیدان تلنگانہ پر خراج پیش کرنے کے بعد پرچم کشائی سے پروگرام کا آغاز ہوگا۔ سیکوریٹی جوان مارچ پاسٹ کریں گے اور انعامات و ایوارڈس کی پیشکش عمل میں آئے گی۔ ریاست کے مختلف مقامات پر کلچرل پروگرام کے تحت ڈانس، سنیما، فوڈ فیسٹیول، فولک نغمے، غزلیں، قوالیاں اور اسٹیج پروگرامس بھی پیش کئے جائیں گے۔ کامیڈی اور سمینارس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ عوام کی ان ترقیات کی جانب توجہ مبذول کروائی جائے گی۔ وزیر ٹورازم و کلچر مسٹر اجمیرا چندو لال نے آج یہاں ہاپ آن ۔ ہاپ آف کی پرچم کشائی انجام دی جوکہ ایک بس سرویس پر مشتمل ہے، جس میں تاریخی سیاحتی مقامات کی رنگ برنگی عکاسی کی گئی ہے۔ یہ سرویس بس ہر ایک مقام پر چند منٹ توقف کرے گی۔ اگر عوام یا سیاح کیلئے کچھ وقت فراہم کیا جائے گا اور 30 منٹ کے وقفہ سے مزید ایک بس خدمات دستیاب رہے گی۔ بس کے ذریعہ سے شہر کی تفریح کروائی جائے گی۔