حیدرآباد کو نہایت صاف ستھرا شہر بنانے پر زور

گوپن پلی تانڈہ میں سوچھ بھارت پروگرام، میئر کی شرکت
حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( این ایس ایس ) سٹی میئر بی رام موہن نے آج عوام سے اپیل کی ہے کہ حیدرآباد کو ملک کا انتہائی صاف ستھرا شہر بنانے میں تعاون کریں۔ مئیر نے آج دوسروں کے ہمراہ گوپن پلی تانڈہ میں سوچھ بھارت پروگرام میں حصہ لیا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے صحت و صفائی اور اس کی اہمیت و افادیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کیلئے ایک بڑے پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم نے مختلف اقدامات کئے ہیں بشمول سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، ملک میں کسی شہر میں اس قسم کے مینجمنٹ کا استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔‘‘ اور کہا کہ کچرا حاصل کرنے کے لئے دو ہزار آٹو ٹرالیز تقسیم کئے گئے اس کے علاوہ 44لاکھ کچرے دانوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت شہر کے مضافات میں رہنے والوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے اور آئندہ دو سال میں ہر گھر کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی گیٹ تا گوپن پلی تانڈہ سواچھتا ابھیان نکالی گئی جس میں طلبہ، مختلف این جی اوز کے ارکان، این سی سی کیڈیٹس اور عوام نے حصہ لیا۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، کونڈا ویشویشور ریڈی ایم پی، رکن اسمبلی گاندھی اور دوسروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔