حیدرآباد نے چینائی کے خلاف ناکامیوں کا سلسلہ توڑا

حیدرآباد ۔۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سن رائزرس حیدرآباد نے اپنی شکست کے سلسلے کو ختم کرتے ہوئے چینائی سوپرکنگس کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔ چینائی نے پہلے کھیلتے ہوئے 132 رن بنائے ، جس کے جواب میں حیدرآباد نے 16.5 اوورمیں ہی ہدف کوآسانی سے حاصل کرلیا۔ بیرسٹو نے ناٹ آوٹ 61 رنوں کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنرنے 50 رنز کی تیز رفتار اننگزکھیلی۔ ڈیوڈ وارنرنے چینائی سوپرکنگس کے خلاف محض 24 گیندوں میں نصف سنچری لگائی۔ وارنر نے پاور پلے کے اندرہی اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ وارنرنے یہ کارنامہ پانچویں مرتبہ انجام دیا ہے جبکہ کرس گیل نے پاورپلے کے اندر3 بارنصف سنچری لگائی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں حیدرآباد نے چینائی سوپرکنگس کے خلاف سبھی میچ گنوائے تھے۔ اس مرتبہ حیدرآباد نے شکست کا سلسلہ توڑتے ہوئے جیت درج کی۔ حیدرآباد کی اس سیزن میں یہ چوتھی جیت ہے۔ وہیں دھونی کی غیرموجودگی میں رائنا نے بطورکپتان مسلسل تیسرا میچ گنوایا ہے۔ دھونی کمر درد کے سبب یہ میچ نہیں کھیل سکے۔ اس سے قبل چینائی سوپرکنگس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کافی سست آغاز کیا ۔ فاف ڈوپلیسی نے 45 رنز، شین واٹسن نے31 رنز بناکر ٹیم کو بہترین شروعات دلائی، لیکن اس کے بعد دوسرے بیٹسمین کچھ خاص مظاہرہ نہیں کرسکے۔ امباتی رائیڈو 21 گیندوں میں 25 اورجڈیجہ نے 10 ہی رنز بنائے۔