حیدرآباد میں 2 مارچ کو ہند ۔ آسٹریلیا کرکٹ میچ

پولیس کے وسیع تر انتظامات، 2300 پولیس جوان تعینات
حیدرآباد ۔ /27 فروری (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اوپل میں /2 مارچ کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ایک روزہ کرکٹ میچ کیلئے رچہ کونڈہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں 2300 پولیس عملہ کو متعین کیا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت نے آج اوپل اسٹیڈیم کا معائنہ کیا اور اس سلسلے میں میڈیا کو تفصیلات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک روزہ کرکٹ میچ کیلئے 250 سکیورٹی عملہ کو مختلف سکیورٹی شعبوں سے متعین کیا جارہا ہے جبکہ 509 ٹریفک عملہ اور 985 لا اینڈ آرڈر کے پولیس ملازمین کو اوپل اسٹیڈیم میں اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آرمڈ پلاٹونس کے علاوہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے آکٹوپس کمانڈوز کو بھی تعینات کیا جارہا ہے ۔ بھاگوت نے کہا کہ اوپل اسٹیڈیم اور اس کے باہر کے مقامات پر 200 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں اور جائنٹ کمانڈ کنٹرول بھی قائم کیا جارہا ہے تاکہ مشتبہ افراد پر نظر رکھی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی سبوتاج ٹیمیں بھی متعین کئے جارہے ہیں اور عصری ٹکنالوجی والے وی ایچ ایف وائرلیس سیٹ بھی فراہم کئے جارہے ہیں ۔ کرکٹ میچ کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے میٹل ڈیٹکٹرس کے علاوہ بم ڈسپوزل ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی تعینات کیا جارہا ہے ۔