حیدرآباد میں سرقے کی وارداتوں میں اضافہ

نوجوانوں کی رات بھر وقت گذاری ، صبح کے وقت آرام نقصان کا باعث
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اسلامی تعلیمات میں تہجد سے لے کر اشراق تک کاو قت اللہ سے قربت ، دین اور دنیا کی کامیابی کا سب سے بہترین وقت بتایا جاتا ہے کیوں کہ تہجد کے وقت اللہ رب العزت بندے کی قریب ہونے کے علاوہ فجر کے ساتھ ہی اشراق تک کے وقت میں رزق کی برکت اور کشادگی کی تعلیم دی گئی ہے لیکن سوشیل میڈیا اور ٹکنالوجی کے اس دور میں نوجوان نسل ساری رات جاگ کر عین تہجد کے وقت نیند کی آغوش میں ایسی چلی جاتی ہے کہ پھر تقریبا دوپہر کو ہی اس کی آنکھ کھلتی ہے ۔ زندگی کے اس بدلے مزاج کو اب گلی کوچوں کے چوروں نے خود کے لیے نیا ہتھیار بنالیا ہے ۔ حیدرآباد میں اب گھروں سے ساز و سامان کی زیادہ تر چوریاں فجر کے وقت ہی ہورہی ہیں ۔ حالیہ دنوں میں فجر کے اوقات میں سرقے کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے جس کی اہم وجوہات میں صبح کے وقت عوام کا گہری نیند میں ہونا ، مرد حضرات کا فجر کی نماز کی ادائیگی کے لیے مسجدوں کا رخ کرنا اور چہل قدمی کے لیے عوام کا گھروں سے باہر پارکوں اور سڑکوں پر نکل جانا ہے ۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھروں سے قیمتی موبائل فونس گھریلو اشیاء اور دیگر ساز و سامان پر سارق ہاتھ صاف کررہے ہیں ۔ رین بازار پولیس اسٹیشن کے ایڈیشنل کمشنر امجد علی نے حیدرآبادی عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ فجر کے اوقات میں زیادہ چوکنا رہیں کیوں کہ یہ ایسا وقت ہے جس کو سارق اپنے لیے سنہری موقع بنا رہے ہیں ۔ ایک جانب صبح ہوجانے سے اطمینان میں رہنے والے عوام گھروں سے باہر نماز اور چہل قدمی کے لیے نکل جارہے ہیں تو دوسری جانب محلے کے افراد صبح ہوجانے سے کسی ناگہانی واقعہ کے رونما نہ ہونے کے اطمینان سے بے فکری میں ہوتے ہیں اس کا فائدہ ساتھی اٹھا رہے ہیں ۔ امجد خاں نے مزید کہا کہ فجر کے اوقات اپنے گھروں کی حفاظت کے لیے اقدامات کو مزید سخت کرلیں اور ممکن ہوسکے تو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرلیں تاکہ سرقہ کی وارداتوں سے مکانات کو محفوظ رکھا جاسکے ۔۔