حیدرآباد میں ایک ہزار خاندانوں کو آٹوزکی فراہمی کی اسکیم

آٹو مالیت پر 50 فیصد سبسیڈی ‘50 فیصد بینک قرض‘ اسپیشل سکریٹری عمرجلیل
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 1000 غریب خاندانوں کو معاشی پسماندگی سے نجات دلانے اور خود روزگار اسکیم سے وابستہ کرنے کیلئے آٹو فراہم کرنے کی اسکیم تیار کررہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن سے آٹو کی مالیت کا 50فیصد بطور سبسیڈی دیا جائے گا جبکہ 50 فیصد رقم کسی بینک سے بطور قرض فراہم کی جائے گی۔ امیدوار کو صرف بینک کا قرض ہی ادا کرنا ہوگا جبکہ سبسیڈی کی رقم بطور امداد رہے گی۔ اس اسکیم سے اندرون ایک سال غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد آٹو کے مالک بن سکتے ہیں۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج کمشنر ٹرانسپورٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 1000 آٹوز کے پرمٹ کی اجازت طلب کی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے پرمٹ کی اجرائی کے بعد اسکیم کے قواعد کو طئے کیا جائے گا اور باقاعدہ طور پر درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینکوں سے مربوط قرض پر سبسیڈی اجرائی اسکیم کے تحت آٹوز فراہم کرنے کی منفرد اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے آج اس اسکیم سے متعلق نوٹ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کو حوالے کیا جس کے بعد سید عمر جلیل نے کمشنر ٹرانسپورٹ کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ ایک آٹو کی مالیت تقریباً ایک لاکھ 40ہزار ہوتی ہے اس میں 50فیصد رقم بطور سبسیڈی جاری کی جائے گی اور مابقی رقم کسی بینک سے حاصل کرنے کیلئے فینانس کارپوریشن بینک کی نشاندہی کرے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے آٹوز کیلئے پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے کیونکہ محکمہ کی جانب سے آٹوز کی اجازت کے سلسلہ میں حد مقرر ہے۔ مقررہ تعداد سے زیادہ آٹوز کو چلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی لہذا محکمہ اقلیتی بہبود نے محکمہ ٹرانسپورٹ سے اجازت طلب کی ہے۔ حکومت سال 2014-15کے بجٹ سے اس اسکیم پر عمل آوری کا منصوبہ رکھتی ہے اور ایک ہزار افراد کو آٹو فراہم کرنے سے تقریباً 6.5کروڑ کے خرچ کا اندازہ ہے۔ حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کو سبسیڈی سے متعلق اسکیم کیلئے 2014-15میں 82کروڑ 40لاکھ روپئے مختص کئے تھے جس کیلئے ابھی تک جاری کردہ رقم فینانس کارپوریشن کے پی ڈی اکاؤنٹ میں محفوظ ہے۔ مالیاتی سال کے اختتام کے باوجود یہ رقم کارپوریشن کے پاس محفوظ رہے گی جس سے اسکیم پر عمل آوری کی جاسکتی ہے۔ اسپیشل سکریٹری نے بتایا کہ حکومت خود روزگار اسکیم کے تحت غریب خاندانوں کو خود مکتفی بنانے کیلئے اس منفرد اسکیم کا منصوبہ رکھتی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سے اجازت کے حصول کے فوری بعد اسکیم کا اعلان کردیا جائے گا۔ موجودہ سبسیڈی کی اسکیم کے تحت کئی امیدواروں نے آٹو کی خریدی کے سلسلہ میں درخواستیں داخل کی ہیں ان درخواستوں کو مذکورہ اسکیم کے تحت منتقل کردیا جائے گا۔