رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی

حیدرآباد /30 نومبر ( سیاست نیوز ) شادی برات اور دیگر تقاریب میں ڈرون کیمروں کا استعمال اب مہنگا ثابت ہوگا ۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں ڈرون کیمروںکے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی اور اس امتناعی احکام پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے تمام پولیس عہدیداروں بشمول تمام انسپکٹران پولیس رچہ کنڈہ کمشنریٹ کو احکامات جاری کردئے اور فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا حکم دیاہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس خصوص میں رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں واقع تمام شادی خانوں ، فارم ہاوز ، ہوٹل کے مالکین کو پابند کردیا گیا ہے ۔ کمشنر نے سخت انداز میں احکامات جاری کرتے ہوئے انسپکٹران پولیس کو ہدایت دی کہ وہ کسی دباؤ ، سفارش اور اثر و رسوخ کی پروانہ کئے بغیر قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کرے ۔