حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیتی سیل کے تقرر پر تنازعہ

ہنمنت راؤ اور فاروق حسین کا اعتراض ، گروپ بندیوں میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی جانب سے شیخ عبداللہ سہیل کو گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کرنے کا اعلان متنازعہ بن گیا ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ و رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے اس پر سخت اعتراض کیا اور سسٹم میں بیجا مداخلت کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں گروپ بندیوں کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس کے قائد شیخ عبداللہ سہیل نے آج بنجارہ فنکشن ہال میں اقلیتی کنونشن کا انعقاد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے شیخ عبداللہ سہیل کو گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کرنے کا اعلان کیا ۔ یہ اعلان تین گھنٹوں میں متنازعہ بن گیا ۔ یکم ستمبر کو ورنگل میں منعقد ہونے والے اقلیتی کنونشن میں شرکت کرنے کے لیے آج شام صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خورشید احمد سعید حیدرآباد پہونچے ایرپورٹ پر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین کے علاوہ دوسرے اقلیتی قائدین نے خورشید احمد سعید کا خیر مقدم کیا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کانگریس کے قائدین نے اتم کمار ریڈی کے فیصلے سے خورشید احمد سعید کو واقف کرایا ۔ جس پر وہ بھی ناراض ہوگئے ۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر کا اعلان کرنا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے اختیار میں نہیں ہاں البتہ وہ کوئی نام کی سفارش کرسکتے ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ فخر الدین اپنے آل انڈیا صدر خورشید احمد سعید کی منظوری کے بعد ہی اسٹیٹ کمیٹی کے علاوہ سٹی و اضلاع کے صدور کا اعلان کرتے ہیں ۔ خورشید احمد سعید تلنگانہ میں ہے ان کی منظوری کے بغیر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا اعلان کرنا ان کی توہین کرنے کے برابر ہے ۔ پرانے شہر کے کانگریسی قائدین پرانے شہر کے کسی قائد کو گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ مگر اتم کمار ریڈی نے بازار گھاٹ کے رہنے والے قائد کو صدر بنانے کا اعلان کردیا جس سے اقلیتی قائدین میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ کئی قائدین نے ان سے شکایت کی ہے ۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے شیخ عبداللہ سہیل کو گریٹرحیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کرنے کے اعلان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ غلط ہے ۔ محمد خواجہ فخر الدین کے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نامزد ہو کر ابھی 50 دن بھی مکمل نہیں وہ ابھی اضلاع کے دورے پر ہیں ۔ صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خورشید احمد سعید کو لے کر ورنگل جارہے ہیں اچانک یہ اعلان حیرت کردینے والا ہے ۔ جس پر انہیں بھی اعتراض ہے ۔۔