حیدرآباد تا امراوتی سائیکل ریالی،طلباء کو خود کشی سے بچانے کے اقدامات ، ڈاکٹرس ویریندرا اور وی وی راؤ کی پریس کانفرنس

 

حیدرآباد۔29نومبر(سیاست نیوز) طلبہ میںبڑھتے خودکشی کے رحجان کے خلاف رضا کارانہ تنظیم ’ٹین ایج ٹیمپٹیشن‘ کی جانب سے حیدرآباد سے امراواتی ایک سیکل ریالی منعقد کی جائے گی ۔ مذکورہ تنظیم کے کنونیر ڈاکٹر سی ویریندرا ‘ کوکوارڈینٹر وی وی رائو نے آج یہاں سوماجی گوڑہ میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بچوں پر تعلیمی بوجھ عائد کرنے بالخصوص انہیں اپنی مرضی کے مطابق تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کی وجہہ سے خودکشی کے رحجان میںاضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مسٹر وی وی رائو نے کہاکہ عموماً دیکھنے میںیہ آیا ہے کہ سرپرست بچوں پر ڈاکٹر ‘ انجینئر یاپھر ایم بی اے ‘ ایم سی اے بننے کا دبائو ڈالتے ہیں‘ جبکہ ان کی مرضی کچھ او رہوتی ہے۔ مسٹر رائو نے کہاکہ شہروں کے مقابلے اضلاع کے بچوں میں خودکشی کا رحجان تیزی سے فروغ پارہا ہے اور اس کی روک تھام کے لئے دونوں تلگوریاستوں میں موثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں ہر معاملے میں مکمل آزادی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ مسٹر رائو نے تلنگانہ او رآندھر ا حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ وہ ضلعی سطح پر موجود لائبریریوں میں کونسلنگ سنٹر قائم کرے جہاں پر بچوں اور اولیاء طلبہ کی بھی اس ضمن میںکونسلنگ کی جاسکے۔ اس ضمن میں 13تا 17ڈسمبر حیدرآباد تا امرواتی شعور بیداری سیکل ریالی نکالی جائے گی اور راستے میںمختلف مقامات پر کیمپ بھی منعقد کئے جائیںگے ،عوام بالخصوص نوجوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ریالی کے مقاصد بیان کئے جائیں گے۔