حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس کے دو طلباء JEE-Mains کے لیے کوالیفائی

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس وقار آباد کے انٹر میڈیٹ کے پہلے ہی بیاچ نے ایک نیا سنگ میل پار کیا جب اس کے دو طلباء ماسٹر محمد عمران ولد محمد ابراہیم اور ماسٹر محمد اسرار حسین ولد محمد الطاف حسین JEE-Mains کے لیے کوالیفائی ہوگئے ۔ جناب غیاث الدین بابو خاں کے زیر نگرانی اپنی نوعیت کے اس منفرد تعلیمی ادارے میں انٹر میڈیٹ کے لیے تلنگانہ ، آندھرا اور رائلسیما سے 112 طلبہ منتخب کئے گئے تھے جن میں سے 77 نے 90 فیصد سے زائد اور 9 طلبہ نے 97 فیصد سے زائد نشانات حاصل کئے ۔ بائی پی سی ٹاپر شیخ محمد نثار نے 984/1000 اور ایم پی سی ٹاپر محمد ضیا الدین نے 983/1000 نشانات حاصل کئے ۔ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس پر آئی آئی ٹی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تجربہ کار آئی آئی ٹی فیکلٹی کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس آر آر ڈسٹرکٹ کے وقار آباد منڈل کے مدوگولا چٹم پلی گاؤں میں ایک وسیع و عریض کیمپس پر مشتمل ایک عالمی معیار کا ریسیڈنشیل ادارہ ہے جو طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم رول ادا کررہا ہے ۔ جس میں تعلیم کے ساتھ ساتھ اسپورٹس کی سرگرمیوں کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ سماج کے غریب مگر ہونہار طلبہ کو انٹرنس ٹسٹ کی اساس پر اس میں داخلہ دیا گیا ہے جب کہ متمول طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی زیر تعلیم ہیں ۔ بہتر اخلاق ، کردار سازی اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ، حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس کی پہچان ہے ۔ جناب غیاث الدین بابو خاں نے انٹر میڈیٹ سال دوم کے شاندار نتائج کے لیے ایچ آئی ای کی اکیڈیمک فیکلٹی کو بھی مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ جس طرح سے پہلے ہی بیاچ نے یہ ثابت کر دکھایا کہ یہ ایک عالمی معیار کا ادارہ ہے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔۔