حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کیلئے سردار پٹیل کی گرانقدر خدمات

گاندھی بھون میں سردار پٹیل کی یوم پیدائش تقریب ، صدر تلنگانہ پی سی سی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آنجہانی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے پاکستان سے جنگ لڑتے ہوئے بنگلہ دیش کے قیام میں جہاں اہم رول ادا کیا وہیں سردار پٹیل نے حیدرآباد اسٹیٹ کو ہندوستانی مملکت میں ضم کرنے کے لیے جو رول ادا کیا ہے ۔ وہ ناقابل فراموش ہے ۔ گاندھی بھون میں آج سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی اور سابق مرکزی وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ ، پنالہ لکشمیا ، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی ورکرامارک قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر سابق صدر کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین جنرل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین ، سید عظمت اللہ حسینی ، سابق سکریٹریز سید یوسف ہاشمی ، صمد خاں کے علاوہ سید شوکت رحمت علی اور دوسرے موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے نیکلس روڈ پر اندرا گاندھی اور اسمبلی کے روبرو موجود سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسموں پر پھولوں کا ہار پہنایا اور گاندھی بھون میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں قائدین کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی کی خدمات ملک کی تاریخ کے سنہری پنوں میں تحریر کی گئی ہے ۔ انہوں نے 1971 میں پاکستان سے جنگ لڑتے ہوئے بنگلہ دیش کے قیام میں اہم رول ادا کیا ہے اور ملک میں سبز انقلاب لایا ۔ بنکوں کو قومیاتے ہوئے عوام کے قریب کردیا ہندوستان کی ترقی کے لیے اندرا گاندھی نے جو خدمات انجام دی ہے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی ۔ ملک میں مختلف مذاہب اور طبقات کے عوام کی ترقی کے لیے اسکیمات کو روشناس کراتے ہوئے اس کے ثمرات غریب عوام تک پہونچانے کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں ۔ جس کی وجہ سے وہ عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اکھنڈ بھارت میں تبدیل کرنے کے لیے 560 راجواڑوں کو ہندوستانی مملکت میں ضم کیا ۔ نظام کے زیر قیادت حیدرآباد اسٹیٹ کو بھی ہندوستانی مملکت میں ضم کرنے کے لیے جو رول ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔۔