حیدرآباد آج دہلی کو شکست دینے کے لئے پرعزم

نئی دہلی۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ڈیرڈیولس کے کھلاڑیوں کو اگر آئی پی ایل دس میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھنا ہے تو کل گھریلو میدان فیروز شاہ کوٹلہ دفاعی چمپئن سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف کافی محنت کرنی پڑے گی جو اس وقت شاندار فام میں ہے۔دہلی کی ٹیم گزشتہمقابلے میں انتہائی شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنگز الیون پنجاب کے خلاف 17.1 اوور میں محض67 رنوں پر ہی آؤٹ ہو گئی تھی اور پنجاب نے یہ مقابلہ 10 وکٹ سے جیت لیا تھا۔ دہلی نے آٹھ میچوں میں اب تک صرف دو میچ جیتے ہیں اور وہ چار نشانات کے ساتھ آٹھویں اور آخری نمبر پر ہے ۔ڈیرڈیولس کو ایک اور شکست پلے آف کی دوڑ سے پوری طرح باہر کر دے گی جبکہ اس کا مقابلہ چمپئن حیدرآباد سے ہے جو دس میں سے چھ میچوں میں فتح حاصل کرکے 13 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔گزشتہ رات ٹیم نے اپنے کپتان ڈیوڈ وارنر کے 126 رنوں کی زبردست اننگز کی بدولت سرفہرست ٹیم کولکاتا نائٹ رائڈرس کو 48 رنوں سے شکست دی ۔وارنر اور حیدرآباد کی فارم کو دیکھتے ہوئے دہلی کے لئے اس ٹیم سے جیت پانا بہت مشکل ہے ۔ ویسے ٹوئنٹی 20 میں کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن دہلی کے لئے کھلاڑیوں کو اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر ٖظہیر خان چوٹ کی وجہ پنجاب کے خلاف میچ میں نہیں کھیل پائے تھے اورکرون نائر نے ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی۔میچ کے بعد نائر نے بڑی مایوسی کے ساتھ کہا کہ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ہی کوئی جذبہ نہیں دکھایاہے ۔ موہالی میں ہوئے پریس کانفرنس میں دہلی کے کوچ ڈراویڈ بھی کافی مایوس تھے اور اپنی ٹیم کی شکست کو بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں تھے ۔کوچ نے میچ کے بعد کہا میں بہت مایوس ہوں اگر آپ 67 رن پر آل آؤٹ ہو جاتے ہیں تو پھر آپ کے پاس کہنے کے لئے کچھ نہیں رہ جاتا ہے ۔ دہلی کے پاس سنجو سیمسن، کرون نائر، شریس ایر اور رشبھ پنت جیسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی بھی موجود ہیں لیکن یہ شاندار موقع کا فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں۔سیمسن گزشتہ میچ میں پانچ، نائر 11، ایر چھ اور پنت تین رن بنا کر ہی آؤٹ ہو گئے تھے ۔کوری اینڈرسن جیسے زبردست بیٹسمین بھی 18 رن ہی بنا پائے تھے ۔ ڈیرڈیولس کی بولنگ محمد سمیع، کیگسو ربادا، کرس مورس، امت مشرا اور شہباز ندیم کے رہتے مضبوط دکھائی دیتی ہے لیکن جب تک اسکور بورڈ پر اچھا اسکور نہ ہو تو بولروں کے پاس بچانے کے لئے کچھ نہیں رہ جاتا۔دفاعی چمپئن ہے اور اس کے کپتان وارنر نے گزشتہ میچ میں 59 گیندوں پر126 رن بنائے ۔ علاوہ ازیں حیدرآباد کے پاس دہلی کے ہی شکھر دھون، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور پنجاب کے یوراج سنگھ جیسے بڑے بیٹسمین بھی موجود ہیں جو کسی بھی بولر کا بخوبی مقابلہ کرسکتے ہیں ۔