حیدرآباد آج بنگلور کیخلاف کامیابی کا خواہاں

حیدرآباد ۔ 29 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فتوحات کے سلسلے میں اُس وقت رکاوٹ آئی جب رائزنگ پونے کے خلاف سن رائیزرس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن کل راجیوگاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلور کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں میزبان ٹیم کامیابی کی خواہاں ہیں تاکہ فتوحات کے سلسلے کو پھر شروع کیا جاسکے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا آخری مقابلہ رائل چیلنجرس بنگلور نے اپنے نام کیا تھا جس کے بعد سن رائیزرس نے اپنے کھیل کے معیار کو بلند کرتے ہوئے متواتر تین فتوحات حاصل کی تھیں۔ سن رائیزرس حیدرآباد نے 6 مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے 6 نشانات حاصل کئے ہیں ۔حیدرآباد کو بنگلور اور کولکاتہ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس کے بعد اس نے ممبئی انڈینس ، گجرات لائینس اور کنگس الیون پنجاب کو شکست دی ہے ۔ پونے کے خلاف یہاں کھیلا گیا گزشتہ مقابلہ بارش سے متاثر ہوا تھا جس کا فائدہ مہمان ٹیم کو جس نے ڈکورتھ لیوس نظام کے تحت 34 رنز کی کامیابی حاصل کی ۔ حیدرآبادی ٹیم کی طاقت پھر ایک مرتبہ بیٹنگ شعبہ ہے جس میں بائیں ہاتھ کے کپتان ڈیوڈ وارنر کے علاوہ گزشتہ دو مقابلوں میں شکھر دھون کے مظاہرے بھی اطمینان بخش ہیں۔ گزشتہ مقابلے میں حالانکہ ان فام کپتان وارنر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے لیکن دھون نے دوسرے سرے سے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو قابل ذکر اسکور تک پہنچایا تھا ۔

یان مورگن ، آدتیہ تارے ، دیپک ہوڈا اور موسس ہنریک کے ناقص مظاہرے ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہیں کیونکہ گزشتہ مقابلے میں کپتان کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد مذکورہ بیٹسمینوں نے بھی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہی کیا ہے ۔ بائیں ہاتھ کے بولر آشیش نہرا جو زخموں سے صحتیاب ہوکر ٹیم میں واپس ہوئے ہیں اُن سے بولنگ شعبہ مزید مستحکم ہوا ہے ۔ اُمید کی جارہی ہے کہ کل کے مقابلے میں ٹیم میں موجود سب سے اہم بیٹسمین کین ولیمسن کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا جنھیں گزشتہ روز ہی نیوزی لینڈ کی ٹسٹ ٹیم کا بھی کپتان بنادیا گیا ہے ۔ دوسری جانب بنگلور کیلئے بھی حالات بہتر نہیں ہیں کیونکہ اس نے پانچ مقابلوں میں شرکت کرنے کے بعد صرف 4نشانات حاصل کئے ہیں اور دو کامیابیاںحاصل کیں اور تین ناکامیاں برداشت کیں۔ آر سی بی کا بیٹنگ شعبہ کرس گیل کے وطن واپس جانے کے بعد کسی قدر کمزور ہوا لیکن ویراٹ کوہلی اور اے بی ڈی ویلیرس نے اپنے شاندار فام کے ذریعہ اس کمی کو پورا کیاہے ۔ میڈل آرڈر میں شین واٹسن اور سرفراز خان کی موجودگی بھی اس کی طاقت میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے لیکن آر سی بی کیلئے سب سے بڑا مسئلہ اس کا کمزور بولنگ شعبہ ہے ۔ حالانکہ دہلی اور ممبئی کے خلاف ایک بڑا اسکور کرنے کے باوجود اسے ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے ۔                 مقابلہ کا آغاز 8:00 بجے شب ہوگا ۔