حیدرآبادی فلم ’ دعوت شادی ‘ ایک معیاری تفریح سے بھر پور فلم

راجشری پروڈکشن پر 4 مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( ایم اے سلام ) : فلم ’ دعوت شادی ‘ ایک معیاری حیدرآبادی روایتوں اور تہذیب کو سلولائیڈ پر پیش کرتی ایسی فلم ہے جو حیدرآباد میں بنائی جانے والی فلموں کے وقار کو بلند کرے گی ۔ اس میں خالص مزاح کے ساتھ حیدرآباد کی شادی بیاہ کو موثر انداز میں پیش کیا گیا ہے جو ایک مکمل تفریح فراہم کرتے ہوئے تمام افراد خاندان کو لطف دے گی ۔ یہ بات آج یہاں فلم کے پرموشن کے لیے منعقد ایک پریس کانفرنس میں ڈائرکٹر سید حسین نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے صاف ستھری اور معیاری ، میوزیکل تفریحی اور فیملی انٹرٹنمنٹ ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسے راجشری پروڈکشن ( ممبئی ) کی جانب سے 4 مارچ کو حیدرآباد کے علاوہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں یکساں طور پر ریلیز کیا جارہا ہے ۔ جناب افتخار شریف مقیم شکاگو نے اس پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حیدرآبادی فلموں اور فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے امریکہ میں ہر ممکنہ تعاون دینے تیار ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں دعوت شادی جیسی فلم دیکھ کر ایسا محسوس ہوا کہ یہاں بہت سارا ٹیلنٹ ہے اور انہوں نے حیدرآباد میں بننے والی اس فلم کو بالی ووڈ کی فلموں سے تقابل کیا اور کہا ایسی فلمیں اگر بنتی ہیں تو یقینا حیدرآباد میں بھی فلمسازی کی ایک باقاعدہ صنعت قائم ہوجائے گی ۔ فلم کے پروڈیوسر سمیع اللہ فیاض نے فلم بینیوں سے خواہش کی کہ وہ فلمسازی کی حوصلہ افزائی کریں ۔ فلم کے مرکزی کردار سلیم پھیکو ( مست علی ) ، اور فیروز خاں نے دعوت شادی کو اس سال کی بہترین فلموں کے زمرے میں شامل کرتے ہوئے اپنے اپنے کرداروں کے بارے میں بتایا اور شائقین فلم سے اس فلم کو دیکھنے کی خواہش کی اور تفصیل بتائی ۔ دا یابا پروڈکشن کے بیانر پر بنائی گئی اس فلم میں سلیم پھیکو کے ساتھ گلو دادا ( عدنان ساجد ) عزیز ناصر ( جہانگیر ) مادھوری شرما ، مغیث ، شیوا ، کے بی جانی کے بھی اہم کردار ہیں ۔ گیت عباس شوق اور مجیب نے لکھے ہیں جب کہ موسیقی ایم جی کے پراوین نے بنائی ہے ۔ فلم کو کرانتی نے ایڈٹ کیا ہے یہ فلم 4 مارچ کو ریلیز کی جارہی ہے ۔۔