حیدرآبادی عوام خوش قسمت ‘ تکالیف دور کرنے سیاست جیسا ادارہ موجود

جناب زاہد علی خاں عوامی خدمات کا تاج ۔ اڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون بابو راؤ کا خطاب
حیدرآباد 29 اپریل (سیاست نیوز) مسٹر کے بابو راؤ المعروف عبدالرحمن نے ادارہ سیاست کے زیراہتمام قائم کئے گئے کپڑا بینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کے دوران نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات کے حوالہ سے ایک واقعہ پیش کیا جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے عیدالفطر کے موقع پر ایک یتیم معصوم لڑکے کو اپنے گھر لے جاکر سیدۃ النسا العالمین بی بی فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا سے کہاکہ اِس بچے کو نہلاکر تیار کریں اور کپڑے پہنائیں جس پر بی بی فاطمہ نے نہ صرف اِس بچے کو نہلایا تیار کیا بلکہ ایسے کپڑے پہنائے جیسے اپنے بچوں حسنینؓ کریمین کو پہنائے تھے۔ مسٹر بابو راؤ کی اِس تقریر کو شرکا نے کافی پسند کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جناب  زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست خدمت کا تاج ہیں اور آج ’کپڑا بینک ‘ کے قیام سے اس تاج میں ایک اور ہیرا لگ چکا ہے۔ مسٹر بابو راؤ المعروف جناب عبدالرحمن نے اپنے خطاب کے دوران مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ضرورتمند بھائیوں کی مدد اور انسانیت کی خدمت کریں۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون نے بتایا کہ اسلام کی بنیاد انسانیت ہے اوراظہار انسانیت کیلئے خدمت لازمی ہے ‘ انسانیت کے فروغ کیلئے کام کرنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ مسٹر بابو راؤ نے بتایا کہ شہریان حیدرآباد خوش قسمت ہیں کہ اُن کی تکالیف کو دور کرنے حیدرآباد میں سیاست جیسا ادارہ موجود ہے۔ اُنھوں نے پرانے شہر کی غربت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پرانا شہر غربت کیلئے مشہور ہوتا جارہا ہے لیکن جب شہر کے اِس خطہ میں تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا تو غربت کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ اُنھوں نے جناب زاہد علی خاں کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہر محاذ پر ضرورت مندوں کی مدد کررہے ہیں جسے دیکھ کر اُنھیں بہت خوشی ہورہی ہے۔ اُنھوں نے اسلامی تعلیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کپڑا بینک میں عطیہ دینے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ کپڑا بینک میں اُن ہی کپڑوں کا عطیہ دیں جو اپنے لئے پسند کرتے ہیں چونکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنے بھائی کیلئے وہی پسند کرنا ہے جو اپنے لئے پسند کیا جاتا ہے۔