حیدرآبادی حاجی جوڑے کو مدینہ منورہ میں خوشخبری

مقدس سرزمین پر لڑکا تولد،ایک اور خاتون حاجی کو خوشخبری کی اُمید
حیدرآباد۔یکم اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مدینہ منورہ میں حیدرآباد کے ایک جوڑے کی اسوقت خوشی اور مسرت کی انتہا نہیں رہی جب انہیں اس مقدس سرزمین پر لڑکا تولد ہوا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کیلئے سرکار مدینہ کے شہر میں لڑکے کی ولادت کوایک سعادت اور خوشخبری سے کم نہیں۔ مدینہ منورہ میں موجود آندھراپردیش اور تلنگانہ کے حجاج کرام نے اس خوشخبری پر حیدرآباد کے جوڑے کو مبارکباد پیش کی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ بھولکپور مشیرآباد سے تعلق رکھنے والی محترمہ رخسانہ بیگم زوجہ نظام الرحمن دیگر دو رشتہ داروں کے ساتھ محفوظ زمرہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔ انہیں کل مدینہ منورہ کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں لڑکا تولد ہوا۔ ماں اور بیٹا دونوں صحتمند ہیں۔ ان کی واپسی 5 اکٹوبر کو پہلے قافلہ کے ذریعہ تھی تاہم مختصر آرام کے بعد 8اکٹوبر کو واپسی ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے نومولود کیلئے درکار سفری دستاویزات کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون دو یوم ضروری دستاویزات تیار ہوجائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اس خوش قسمت جوڑے کو مبارکباد پیش کی اور لڑکے کی صحت و سلامتی کیلئے دعا کی۔اسی دوران حیدرآباد کی ایک اور حاملہ خاتون حاجی کو آج مدینہ منورہ کے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ انہیں آج رات یا کل کوئی خوشخبری ہوسکتی ہے۔