حیات نگر کے ڈیٹکٹوانسپکٹر رشوت لیتے ہوئے گرفتار

حیدرآباد 25 فروری (سیاست نیوز) پولیس میں رشوت ستانی کے معاملات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے بدعنوان عہدیداروں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں اینٹی کرپشن بیورو نے حیات نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ ڈیٹکٹیو انسپکٹر جیتندر ریڈی کو اُس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب وہ سرقہ کے ایک کیس میں 30 ہزار روپئے کی رشوت حاصل کررہا تھا۔ تفصیلات کے بموجب ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے ریکھا ساگر اور اُس کے بہنوئی کے درمیان زیرالتواء سرقہ کے ایک مقدمہ کی یکسوئی کے لئے جیتندر ریڈی نے ریکھا ساگر سے 30 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔ درخواست گذار نے جیتندر ریڈی کے خلاف بیورو میں شکایت درج کرائی تھی جس پر عہدیداروں نے اُس کے خلاف جال بچھاتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اُس کے قبضہ سے رشوت کی رقم برآمد کرلی۔ گرفتار خاطی پولیس عہدیدار کو خصوصی عدالت انسداد رشوت ستانی کے اجلاس میں پیش کرتے ہوئے اُسے جیل منتقل کردیا۔