حیات نگر میں غیر مجاز قبضہ ‘پولیس خاموش

لینڈ گرابرس ‘سرکاری اور خانگی اراضیات ہتھیانے میں مصروف
حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) ضلع رنگا ریڈی میں اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور جہاں کہیں بھی کھلی اراضیات پائی جارہی ہیں کسی نہ کسی طرح ان اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے ذریعہ مالکین جائیداد کوہراساں کرنے کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ تازہ ترین صورتحال کے مطابق ضلع رنگاریڈی کے حیات نگر منڈل میں واقع پدا عنبر پیٹ کے مقام پر اراضیات پر قبضہ کرنیو الے افراد نے تالاب کی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ ان کوششوں کی اطلاع پر متعلقہ عہدیداران محکمہ ریونیو مقام واقعہ پر پہونچ کر معلومات حاصل ہی کررہے تھے کہ غیر مجاز قابضین نے ان ریونیو عہدیداروں و اسٹاف پر زبردست حملہ کرنے کا واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ فوری طور پر ریونیو عہدیداروں و ملازمین نے حیات نگر پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی جس پر پولیس حیات نگر نے کسی رجسٹر کر کے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ اس طرح کے ہر روز متعدد واقعات پیش آنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں لیکن جب ان غیر مجاز قبضوں کی اطلاعات پولیس کو بھی دی جاتی ہے تو پولیس بھی خاموش تماشائی کا مظاہرہ کرتی ہے جس کے نتیجہ میں سرکاری و خانگی اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوتا جارہا ہے یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ پدا عنبر پیٹ کے مقام پر محکمہ ریونیو کے عہدیداروں و ملازمین پر غیر مجاز قابضین کی جانب سے حملہ کیا گیا تو تب پولیس حرکت میں آتے ہوئے کیس رجسٹر کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا ۔