حکومت کے اڈیشنل قاضی محمد ظہیر الدین معطل

نائبین پر کمسن لڑکیوں کی شادیاں کروانے کا الزام ، حکومت سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 29۔ ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے حکومت کے ایڈیشنل قاضی محمد ظہیر الدین کو معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ محمد ظہیر الدین ایڈیشنل قاضی قضاۃ قلعہ محمد نگر پر الزام ہے کہ ان کے دو نائب قاضیوں نے کمسن لڑکیوں کی شادیاں انجام دی ہیں اور ان کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کئے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے 25 ستمبر کو جی ایم ایس 29 کے ذریعہ قاضی محمد ظہیرالدین کی معطلی کے احکامات جاری کئے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ قاضی ظہیرالدین کے دو نائبین مرزا قدرت اللہ بیگ اور محمد حبیب علی کے خلاف چندرائن گٹہ، راجندر نگر ، میلاردیو پلی اور فلک نما پولیس اسٹیشنوں میں کمسن لڑکیوں کی شادی اور غریب لڑکیوں کے والدین کو دھوکہ دہی کے سلسلہ میں ایف آئی آر درج کئے گئے۔ ظہیر الدین کی معطلی کے بعد قاضی قلعہ محمد نگر محمد نجم الدین حسینی کو آئندہ احکامات تک زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔