حکومت کی ناکامیوں کا بدلہ مجالس مقامی کے انتخابات میں لیا جائے

رائے دہندوں سے پنالا لکشمیا کی اپیل ، کے سی آر حکومت ہر محاذ پر ناکام
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پنالا لکشمیا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 اور 14 مئی کو مجالس مقامی کے باقی دو مراحل کیلئے رائے دہی مقرر ہے۔ ہر شخص کو اپنی ذمہ داری کے طور پر کانگریس کی کامیابی کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ پنالا لکشمیا نے کہا کہ ریاست میں کے سی آر کی غیر جمہوری حکومت کے خاتمہ کیلئے عوام کو متحد ہونا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے سرپنچوں کو چیک پاورس نہیں دیئے گئے اور گاؤں میں معاشی بحران کی صورتحال پیدا کی گئی ۔ لہذا ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی انتخابات میں ووٹ دینا محض ہمارا مقصد نہ ہو بلکہ مجالس مقامی کی جس طرح توہین کی گئی اس کا بدلہ ووٹ کے ذریعہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے راست طور پر فنڈس مواضعات کو منتقل کرنے کا آغاز کیا تھا، لہذا کانگریس امیدواروں کو کامیاب بناکر دوبارہ اس سسٹم کا احیاء کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی توہین اور انٹرنتائج میں بے قاعدگیوں پر 26 طلبہ کی خودکشی کے خلاف کانگریس کو ووٹ دے کر ٹی آر ایس حکومت سے بدلہ لیا جائے۔ پنالا لکشمیا نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کو معاشی بحران کا شکار کردیا۔ دولت کے عوض اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو خریدا جارہا ہے ۔ تلنگانہ میں خواتین کا کوئی احترام نہیں۔ ایک بھی خاتون وزیر کو وزارت میں شامل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں بیروزگار نوجوانوں کیلئے ایک بھی روزگار فراہم نہیں کیا گیا ۔ اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر کے سی آر حکومت خاموش ہے۔ انہوں نے حکومت کی ناکامیوں کے خلاف ناراضگی کے اظہار کے طور پر ٹی آر ایس کو شکست دینے کی اپیل کی ۔