حکومت کو شہباز شریف کا نام عدم پرواز فہرست سے حذف کرنے کا حکم

لاہور ۔ 26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی ایک عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ پاکستان مسلم لیگ ( نواز) کے صدر شہباز شریف کا نام عدم پرواز فہرست سے حذف کردیا جائے ۔ شہباز شریف جو قومی اسمبلی میں قائد اپوزیشن بھی ہیں لاہور ہائیکورٹ میں گذشتہ ماہ ایک درخواست پیش کرچکے ہیں تاکہ اُن کا نام بیرون ملک جانے والوں پر کنٹرول کی فہرست سے حذف کردیا جائے ۔ جیوٹی وی چینل نے آج کہا کہ 67سالہ قائد اور دیگر 9افراد نے بالواسطہ طور پر عدالت سے گذارش کی تھی کہ ان کے نام حذف کرنے کے سلسلہ میں حکومت کو ہدایت دی جائے ۔ شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ سے حکومت کی جانب سے اُن پر بیرون ملک پرواز کرنے پر امتناع عائد کرنے کے بعد درخواست پیش کی تھی اور ادعا کیا تھا کہ ملک کی بڑی سیاسی پارٹیاں چاہتی ہیںکہ ان کا نام اس فہرست میں شامل رہے ۔