حکومت کا عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی منتقلی کا تہیہ ، منفی و مثبت اثرات کا جائزہ

وزیر صحت و طبابت لکشما ریڈی کا دورہ ، ڈاکٹرس سے بات چیت ، عارضی او پی قائم کرنے کا ادعا
حیدرآباد ۔31 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت و طبابت مسٹر لکشمار یڈی نے آج دوپہر عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سی جی راگھو رام کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے صدور سے بات چیت کرتے ہوئے عثمانیہ دواخانہ کی قدیم ہرٹیج عمارت سے مریضوں ‘ عملے اور انفراسٹرکچر کی دوسرے مرحلے کی منتقلی کے متعلق مشاورت کی۔اس موقع پر انہوں نے مریضوں کی منتقلی کے دوسرے مرحلے کے متعلق ڈاکٹرس سے تجاویز بھی حاصل کئے اور ہاسپٹل کی منتقلی سے عملے اور مریضوں پر پڑنے والے منفی و مثبت اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں وزیر صحت نے دواخانہ عثمانیہ میں ایمرجنسی خدمات کو جاری رکھنے اور آوٹ پیشنٹ خدمات کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔لکشما ریڈی نے اس کے لئے دواخانہ عثمانیہ کے قدیم مردہ خانہ کی عمارت کو مہندم کرتے ہوئے وہاں پر عصری سہولتوں سے لیس عارضی شیڈ تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی جس میں آوٹ پیشنٹ خدمات انجام دئے جائیں گے۔ دواخانہ عثمانیہ کی قدیم عمارت کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں اور عملے کودرپیش مشکلات کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر وزیر صحت نے نرسنگ اسٹاف ہاسٹل کا دورہ کیا اور عمارت کی خستہ حالی سے واقفیت حاصل کی۔ عثمانیہ دواخانہ کی قدیم عمارت میں موجود مختلف طبی شعبہ جات کے ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد کہاکہ دواخانہ کی قدیم عمارت جو ایک ہرٹیج بھی ہے کی خستہ حالی کے پیش نظر ڈاکٹرس‘ طبی عملے کے علاوہ مریضوں کی زندگیوں کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ عثمانیہ دواخانہ کی قدیم عمارت کی خستہ حالی کے پیش نظر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی ہدایت پر وہ عثمانیہ دواخانہ کا دورہ کرتے ہوئے دواخانہ سے مریضوں ‘ عملے اور انفراسٹرکچر کی جلد از جلد منتقلی کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ دواخانہ عثمانیہ کی قدیم عمارت کی مخدوشی کے پیش نظر عمارت سے مریضوں‘ عملے اور انفراسٹرکچر کے تخلیہ کا تہیہ کرلیا گیا ہے۔ جس کی تکمیل کے ساتھ ہی عمارت کومستقبل میں برقراری یا پھر مہندم کرکے وہاں پر عالیشان عمارت پرمشتمل عصری سہولتوں سے لیس دواخانے کی دوبارہ تعمیر عمل میں لانے سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی نگرانی میںایک ریاستی ہرٹیج کمیٹی کی تشکیل عمل میںلائی گئی ہے جو عمارت کے مستقبل کافیصلہ کرے گی۔وزیر موصوف نے اخباری نمائندوں کی جانب سے سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل کو خالی کرنے اور عثمانیہ دواخانہ کی قدیم عمارت سے مریضوں کو سلطان بازار زچگی خانہ منتقل کرنے کی اطلاع کے بعد سلطان بازار دواخانہ کی مریضوں میں پائی جانے والے بے چینی اور احتجاجی کیفیت کے متعلق پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اسبات کااعتراف کیا اور کہاکہ یہ ایک فطری عمل ہے کیونکہ مریضوں کو اچانک اطلاع دی گئی تھی تو وہ صر ف مریضوں کو ردعمل تھالیکن ہم اپنے عملی اقدامات میںتیزی لاتے ہوئے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی قدیم عمارت سے شہر کے مختلف دواخانوں میں منتقل کیا جائے گا۔مسٹر لکشما ریڈی نے کہاکہ عثمانیہ دواخانہ کی قدیم عمارت سے مکمل مریضوں ‘ عملے اور انفراسٹرکچر کی منتقلی عمل میں لاتے ہوئے کسی بھی ناگہانی واقع کو روکنا حکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح میں شامل ہے ۔