حکومت پر عوامی مسائل سے راہ فرار اختیار کرنے کا الزام

ایوان میں عددی طاقت کا ناجائز فائدہ اُٹھایا گیا : ریونت ریڈی
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے اسمبلی اجلاس کو ٹی آر ایس کے پلینری سیشن کی طرح چلانے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ چیف منسٹر کے نورنظر بننے کیلئے ٹی آر ایس کے ارکان میں دوڑ دھوپ ہونے کا دعویٰ کیا۔ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تلگودیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ حکومت نے عوامی مسائل سے راہ فرار اختیار کی ہے۔ حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کرنے والوں کی اسمبلی میں آواز دبادی گئی۔ ایوان میں عددی طاقت کا حکمراں ٹی آر ایس نے ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی عوامی مسائل کو اسمبلی میں پیش کرنے کے بجائے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کی۔ حکومت نے اسمبلی کے اجلاس کو ٹی آر ایس کے پلینری سیشن میں تبدیل کردیا۔ قائد مقننہ تلگودیشم مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہاکہ اسمبلی کی تاریخ کا سب سے ناکارہ اجلاس تھا جس میں عوامی مسائل پر نہ کوئی مباحث ہوئے اور نہ ہی کوئی نتائج برآمد ہوئے۔ عوامی مسائل کو اٹھاتے ہوئے تعمیری رول ادا کرنے کے بجائے کانگریس اور مجلس نے حکومت سے ساز باز کرلی ہے۔ عوامی مسائل پر مباحث کیلئے حکومت تیار نہیں تھی۔ ہوم گارڈ، کانسٹبل اور صحافیوں کے مسائل کو حکومت نے ٹال دیا۔ وظیفہ یابوں سے کوئی انصاف نہیں ہوا۔ اہل افراد کو بھی وظائف سے محروم کیا جارہا ہے۔ بجٹ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ انھوں نے اس طرح کا بجٹ اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔ حکمراں ٹی آر ایس تلگودیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی سے خوفزدہ رہی۔ ان پر جھوٹا الزام عائد کرتے ہوئے انھیں مباحث میں حصہ لینے سے روکا گیا۔ جبکہ تلگودیشم پارٹی نے اسپیکر اسمبلی سے ریکارڈ چیک کرنے کی اپیل کی ہے۔ اگر ریکارڈ میں غلطی کا انکشاف ہونے پر اسپیکر کی جانب سے دی جانے والی سزا کو قبول کرنے کا بھی اعلان کیا گیا لیکن حکومت نے اپنی من مانی چلائی۔ تلگودیشم پارٹی عوامی مسائل پر اپنے احتجاج کو جاری رکھے گی۔