حکومت پر ایوان کی کارروائی غیر جمہوری انداز میں چلانے کا الزام

مباحث سے فرار اختیار کیا جا رہا ہے ‘ خصوصی اجلاس ملتوی کئے جانے پر قائد اپوزیشن جاناریڈی کا ردعمل

حیدرآباد۔30اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی ریاست میں ایوان کی کاروائی کو غیر جمہوری انداز میں چلانے کا ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور اس طرز کارکردگی پر کانگریس ذمہ دار اپوزیشن کی حیثیت سے خاموش تماشائی نہیں رہے گی بلکہ اس سلسلہ میں عدالت اور صدر جمہوریہ سے رجوع ہوتے ہوئے شکایت کی جائے گی۔ قائد اپوزیشن مسٹرکے جانا ریڈی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز اسمبلی نے خصوصی اجلاس کو بغیر وضاحت اور مباحث کے بل منظور کرتے ہوئے ملتوی کردیئے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ تلنگانہ اسمبلی کے کانگریس ارکان اسمبلی نے میڈیا پوائنٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت غیر جمہوری انداز میں ایوان کی کاروائی چلاتے ہوئے مباحث سے فرار اختیار کر رہی ہے ۔ مسٹر کے جانا ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے عوامی مسائل پر مباحث کا مطالبہ کیا جاتا رہا لیکن حکومت نے ان مباحث کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے حصول اراضْات ترمیمی بل کو بھی بغیر مباحث وضاحت کے منظور کروا لیا جو کہ جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے بل میں کی جانے والی ترامیم کے متعلق ایوان کو واقف کروائے جانے اور اس سلسلہ میں وضاحت کے بغیر ترامیم کو منظور کرواتے ہوئے حکومت نے آمرانہ طرز حکمرانی کی نئی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے مسائل پر مباحث سے فرار اختیار کرتے ہوئے اس بات کا ثبوت فراہم کر رہی ہے کہ ریاست میں آمرانہ طرز حکمرانی جاری ہے اور حکومت اپنی عددی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے جمہوری طریقہ کار کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مسٹر کے جانا ریڈی نے بتایا کہ کانگریس ارکان اسمبلی عوامی مسائل پر مباحث کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن اسپیکر اسمبلی نے اس مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے ایوان کی کاروائی کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا جبکہ حکومت کی جانب سے اس بات کی بھی وضاحت نہیں کی گئی کہ کیوں اس بل میں ترمیم کی جا رہی ہے اور ترامیم کے کیا اثرات ہوں گے یہ بتانے کے لئے ایوان میں چیف منسٹر بھی موجود نہیں تھے۔ کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے مسائل کو نظر انداز کر رہی ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں کسان خودکشی کر رہے ہیں لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوںنے ایوان کے طرز کارکردگی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے اس کے خلاف عدالت اور صدرو جمہوریہ سے رجوع ہوتے ہوئے شکایت کی جائے گی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اس رویہ کے خلاف عوام کے درمیان پہنچ کر حقائق سے واقف کروائے گی تاکہ ریاست میں جمہوریت کی برقراری کو ممکن بنایا جاسکے۔ اس موقع پر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ مسٹر ٹی جیون ریڈی‘ مسٹر جی چنا ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی نے بھی حکومت کے رویہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔