حکومت پاکستان اور طالبان امن مذاکرات کا احیاء

اسلام آباد ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اور پاکستانی طالبان مذاکرات کاروں نے دونوں طرف کی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے ذیلی گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں نے آج مشکلات سے دوچار امن مذاکرات کا احیاء کیا۔ طوفانی سیشن کے بعد طالبان مذاکرات کار کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ انہیں یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ حکومت اور فوج کے مابین کوئی اختلاف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات پر بھی مطمئن ہے کہ طالبان کے متفقہ طور پر جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے باوجود کوئی واقعات پیش نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک طالبان پاکستان کو جنگ بندی بحال کرنے کیلئے رضامند کریں گے ۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ آئندہ چند دن میں طالبان شوریٰ کا اجلاس منعقد ہونے کی توقع ہے کہ جس میں وہ حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کی رہائی کے جواب میں انہیں بھی قیدیوں کو رہا کرنے کا مشورہ دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کمیٹیوں نے نئی ذیلی کمیٹی کی تشکیل سے اتفاق کیا۔