حکومت ملی تو پبلک سیفٹی ایکٹ ہٹائیں گے :عمر عبداللہ

شوپیاں۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس کوحکومت ملی تو پبلک سیفٹی ایکٹ کو ہٹایا جائے گا۔شوپیاں کے سرکٹ ہاؤس میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا ‘اگر ہمیں حکومت ملی تو ہم پبلک سیفٹی ایکٹ کو ہٹائیں گے اور پھر کسی بھی ماں کو اپنے بچوں کی تلاش کے لئے جیل خانوں میں نہیں جانا پڑے گا اور روان پارلیمانی انتخابات اس کے لئے سیمی فائنل کی حیثیت رکھتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ رواں انتخابات جموں کشمیر کے لوگوں کی شناخت کے تحفظ کے لئے لڑے جارہے ہیں۔عمر عبداللہ نے کہا’یوں تو انتخابات تعمیر وترقی کے امور پر لڑے جاتے ہیں لیکن رواں انتخابات دفعہ 370 اور دفعہ35 اے کے تحفظ کے لئے لڑے جارہے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ اگر ان دفعات کو ہٹایا گیا تو ریاست کے لوگ نوکری اور زمین سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے ۔جلسے کے حاشیے پر عمر نے میڈیا کو بتایا’ مودی کے پانچ سال اس ریاست کے لئے بھاری اور مہنگے ثابت ہوئے حقیقت یہ ہے کہ مودی کو ہم نے ایک اچھا ماحول دیا تھا لیکن انہوں نے یہاں ماحول کو بگاڑ دیا یہی وجہ ہے کہ وہ آج یہاں اسمبلی انتخابات نہیں کر پارہے ہیں’۔