حکومت تلنگانہ شہری علاقوں میں کھیل کود کو فروغ دینے کی پابند

حیدرآباد۔یکم جنوری ( سیاست نیوز) شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے چیف منسٹر سنجیدہ ہیں اور صحت کو بہتر بنانے کیلئے صرف کھیل کود کے علاوہ جسمانی ورزش ہی بہترین عمل ثابت ہورہی ہے ۔ جناب میر محتشم علی خان سابق مسٹر یونیورس نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کے بعد یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ شہری علاقوں میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے علاوہ جسمانی ورزش وغیرہ کے فروغ میں تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں تیزی سے فروغ پارہے موٹاپے کو دور کرنے کا بہترین علاج صرف جسمانی ورزش کے ذریعہ ہی ممکن ہے

‘ اسی لئے نوجوانوں میں پھیل رہے موٹاپے کو دور کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ اُن میں شعور بیداری اور ورزش کے فروغ کے لئے ریاستی سطح پر کوئی ادارہ قائم کیا جائے جو کہ اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرے ۔ جناب میر محتشم علی خان نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کے ہمراہ ملاقات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے باڈی بلڈنگ ‘ ورزش اور صحت کی برقراری کیلئے اقدامات کو فروغ دینے کا تیقن دیا اور کہا کہ ریاستی حکومت ضرور اس مسئلہ پر توجہ مبذول کرتے ہوئے نوجوانوں کی صحت کو بہتر بنانے اور اُن میں ورزش کے رجحان کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گی۔ جناب میر محتشم علی خان نے کہا کہ نوجوانوں میں فروغ پارہے ورزش کے رجحان کو صحیح سمت فراہم کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ انہیں غذائی مشوروں اور دیگر اصول سے واقف کروایا جائے ۔

اس کیلئے اگر ریاستی سطح پر کوئی ادارہ قائم ہوتا ہے تو ایسی صورت میں ریاست بالخصوص شہری علاقوں کے نوجوانوں میں غذائی بے قاعدگیوں کے سبب پھیل رہے موٹاپے کو روکا جاسکتا ہے جو کہ بے انتہا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موٹاپا کئی بیماریوں کا باعث بنتا ہے اسی لئے اگر موٹاپے کو ہی ختم کرنا ہو تو ورزش کے ساتھ ساتھ کھیل کود کے فروغ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔