حکومت تلنگانہ سے یوم تعلیم و یوم اقلیتی بہبود منانے کا فیصلہ

محترمہ نجمہ ہپت اللہ کو شرکت کی دعوت ، انتظامات کے لیے محمد محمود علی کی محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم اور مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو تلنگانہ حکومت یوم تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود کے طور پر منائے گی۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اقلیتی بہبود کے تمام اداروں کو ہدایت دی کہ شایان شان طور پر تقریب کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نجمہ ہپت اللہ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔ یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیت کو مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے بیسٹ اردو ٹیچر اور بیسٹ اردو اسٹوڈنٹس ایوارڈ بھی پیش کئے جائیں گے۔ اس تقریب میں اقلیتوں سے متعلق اسکیمات کے بارے میں شعور بیداری کیلئے مختلف ادارے اسٹالس کا اہتمام کریں گے جس میں اسکیمات کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ جاریہ سال غریب مسلمانوں کیلئے آٹو رکشا فراہمی اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے اور اس تقریب میں حیدرآباد اور رنگاریڈی کے منتخب افراد میں آٹو کی اجرائی کی تجویز ہے۔ اگر چیف منسٹر 11 نومبر کو مصروف ہوں تو آٹو رکشاء اسکیم کیلئے 13نومبر کو خصوصی تقریب منعقد کرنے کا منصوبہ ہے جس میں نجمہ ہپت اللہ کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ محمد محمود علی نے کہا کہ یوم اقلیتی بہبود کے انعقاد کا مقصد حکومت کی اسکیمات کی مناسب تشہیر اور اقلیتوں کے بارے میں حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرنا ہے۔ چیف منسٹر اس تقریب میں اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق حکومت کے موقف کی وضاحت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں اقلیتی بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کسی بھی ریاست میں 1130 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی دوسری ریاستوں بشمول مہاراشٹرا، راجستھان ، کرناٹک، اتر پردیش اور نئی دہلی کے وزراء نے ان سے ملاقات کے دوران اقلیتی اسکیمات کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔ مختلف ریاستوں کے عہدیدار حیدرآباد پہنچ کر تلنگانہ میں عمل کی جارہی اسکیمات کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ چیف منسٹر آئندہ مالیاتی سال مزید نئی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔