حکومت ترقی کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کررہی ہے : کرشنوڈو

حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ توقع کے مطابق آمدنی نہیں ہورہی ہے اور ترقی کے معاملے میں حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے ریاست پر قرض کا بوجھ بڑھ رہا ہے ۔ مالیاتی سال کے 6 ماہ کی تکمیل کے بعد سکریٹریٹ میں محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ وائی رام کرشنوڈو نے اجلاس طلب کیا بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آر بی ایم قانون کے تحت 9 ماہ میں جو قرض حاصل کرنا ہے وہ حکومت حاصل کرچکی ہے ۔ مزید قرض کے لیے دوسرے راستے تلاش کررہی ہے ۔ وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ مختلف اداروں کو قرض حاصل کرنے کے اختیارات دئیے گئے ہیں ۔ جس کی حکومت ضمانت دے گی ۔ قرض معافی کے لیے کسان سادھیکار اداروں کو 2000 کروڑ روپئے قرض حاصل کرنے کی حکومت ضمانت دے رہی ہے ۔ اس طرح کے قرض حاصل کرنے کے لیے آر ٹی سی ، سیول سپلائز ، برقی ، محکمہ آبپاشی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ وزیر فینانس آندھرا پردیش نے کہا کہ ایف آر بی ایم قانون کے تحت ریاست کو 23794 کروڑ روپئے قرض حاصل کرنے کا اختیار ہے ۔ ابھی تک 16,900 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کرلیا گیا ہے ۔ 6 ماہ کے دوران 6 ہزار کروڑ روپئے بطور سود بھی ادا کردیا گیا ہے ۔۔